سی پیک پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

جمعرات 29 نومبر 2018 21:44

لاہور۔29 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2018ء) پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام ’پاکستان کو درپیش مسائل و مواقع سکیورٹی تناظر میں ‘ کے موضوع پرسنٹر کے آڈیٹوریم میں سیمینارکا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر، یونیورسٹی آف سوشل سائنسز پولینڈ سے پروفیسر ڈاکٹر اگنیزکا کسزیکا، ڈین آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاولہ ، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر نے جنوبی ایشائی خطے کی سماجی و اقتصادی اہمیت پرروشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ چین اور پاکستانی عوام کے مفاد میں ہے جس سے فوائد حاصل کرنے کیلئے ہماری عوام کو تعلیم و ٹیکنالوجی سے بہرہ مند ہونا ہوگا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم و تحقیق اور طلبہ و اساتذہ کے وفود کی سطح پر تبادلوں کے معاہدوں کے ذریعے باہمی دلچسپی کے امور کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

اپنے لیکچر میں ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر اگنیزکا کسزیکا نے پاکستان کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی پالیسی کے مختلف پہلو ئوں پر رودشنی ڈالتے ہوئے درپیش مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے جنوبی ایشیا کے پر امن تصور کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستانی ثقافت کی اہمیت بیان کی۔ انہو ں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی تعاون کا فروغ مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ میں پاکستان کو ایک پارٹنر کی حیثیت سے دیکھنا چاہیے اس منصوبے سے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے پسماندہ علاقوں کو خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چاولہ نے دنیامیں پاکستان کے مثبت تصور پیش کرنے پر زور دیتے کہاکہ پاکستان بطور قوم کسی بھی طاقتورقوم سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سکیورٹی مسائل کی سازش آخری گورنر جنرل لارڈ مائونٹین بیٹن کی پیدا کردہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نیو کلیئر پاور ہیں جن کے سکیورٹی مسائل سے خطے میں خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے خوشحالی کا باعث بنے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں