تعلیم کے ذریعے عوام کو ترقی کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے‘ پنجاب یونیورسٹی سیمینار میں شرکاء کا خطاب

جمعرات 6 دسمبر 2018 18:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) پنجاب یونیورسٹی میں بھارت کے معروف مصلح بھیم راورام جی امبیدکر کی سوچ اور تعلیمات پر مبنی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے عوام کو آگے آنے اور ترقی کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی ہو سکے۔ سیمینار کا انعقاد پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار سائو تھ ایشین سٹڈیز اور ایمبیڈکر سوسائٹی فار سائوتھ ایشیا کے اشتراک سے الرازی ہال میںہوا ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و ہیومن رائٹس اعجاز عالم اگسٹائن، ڈائریکٹر سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید ، ڈائریکٹر سر گنگا رام ہیریٹج فائونڈیشن سید شاہین حسن ، بھارتی سکالرزبشمول مس منجولہ پردیپ، ڈاکٹر کوشال پنور، ڈاکٹر پرمود کمار، مس منیشا مشال ، ستیندر کمار، ارچنا ویدیا، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں اعجاز عالم اگسٹائن ودیگر مقررین نے تعلیم سے متعلق ڈاکٹر ایمبیڈکر کے خیالات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی مقررین نے کہا کہ بھارت میں دلتوں کو ہر جگہ پر امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں اور پسے ہوئے لوگوں کو حقوق دلانے کے لئے ڈاکٹر امبیدکر نے جدوجہد کی اور ان کی خدمات کے باعث لوگوں میں اپنے حقوق کی آگاہی حاصل ہوئی اور انہیں ریلیف ملا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام کو غربت، تعلیم، صحت اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ دونوں حکومتوں کو چاہئے کہ آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے ملک کی عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے سماج بالخصوص تعلیمی اداروں میں دلتوں سے امتیازی پر اپنے اپنے تجربات بیان کئے۔ انہوں نے بھارت میں تعلیم کے ذریعے خود کی پہچان بنانے کیلئے ڈاکٹر ایمبیڈکر کی خدمات کو سراہا۔ سید شاہین حسن نے بہترین تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر عنبرین جاوید اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازاں شرکاء کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں