فنی تعلیمی بورڈ پنجاب کے تحت امتحانات لینے والے عملے کا اعزازیہ بڑھانے کا اعلان کردیاگیا

پیر 10 دسمبر 2018 19:39

لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے فنی تعلیمی بورڈ پنجاب کے تحت امتحانات لینے والے ممتحن اور نگران عملے کا اعزازیہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اعزازیہ بھی پنجاب کے دیگر تعلیمی بورڈوں کے مساوی کیا جائے گا۔ اس امر کا اعلان انہوں نے پیر کے روز یہاںگورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ میں فنی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ معیاری فنی تعلیم کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے ایسا موثر نظام لا رہے ہیں جو معیاری فنی تعلیم کے فروغ میں بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔ بچے قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور ہمیں نوجوانوں کو صرف ڈگریاں ہی نہیں دینی بلکہ انہیں معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تربیتی اداروں کو ایک چھت تلے لانے اور کورسز کو جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کر کے یہ مقصد حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کا واحد راستہ ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے میرٹ کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے اداروں میں بھی میرٹ کو ہی ترجیح حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھیوری کے ساتھ پریکٹیکل بھی لازم ہے ، کس قدر افسوس کی بات ہے کہ تھیوری کے تو امتحانات ہو رہے ہیں لیکن پریکٹیکل نہیں ہوتا۔

اب ایسا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپروں کی چیکنگ اور پیپر بنانے کے عمل کو بھی شفاف بنائیں گے۔ امتحانات میں اگر کوئی کسی بھی قسم کی بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو اسے معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کی امید ہیں اور انہیں پاکستان کی تعمیروترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے انقلابی پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا پروگرام بھی بہت جلد شروع کیا جا رہا ہے اور یہ پروگرام نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنائے گا۔ چیئرمین پنجاب فنی تعلیمی بورڈنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں