یو ای ٹی لاہور میں ای روزگار سکیم کی افتتاحی تقریب

تقریب میں صوبائی وزیربرائے یوتھ افیئرز اینڈسپورٹس رائے تیمور کی بطور مہمان خصوصی شرکت ای روزگار کی بدولت ملک میں انٹرنپیورشپ کو فروغ ملا ہی:پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد

منگل 11 دسمبر 2018 23:34

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) ای۔روزگار سکیم کی بدولت اب تک ایسے ہزاروں نوجوان انٹرنپنیور ز پیدا ہوچکے ہیں جو آن لائن کاروباری منصوبوں سے لاکھوں روپے کما رہے ہیں، پاکستان میں نوجوان بڑی تعداد میں ہیں جو پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ہمارا مستقبل انہی محنتی، ذہین اور باصلاحیت نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے،ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر برائے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس رائے تیمور نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ای۔

روزگار ٹریننگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا،انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور انھیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد پروگرامز شروع کر رکھے ہیں، آئی ٹی کی معلومات رکھنے والے نوجوان طلباء و طالبات نہ صرف ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ اپنے خاندانوں کا سہارا بھی بنے ہوئے ہیں، یہی ملک کو ترقی اور تبدیلی کے راستے پر گامزن کرنے کا راستہ ہے،حکومت سرمایہ کاری کے لیے مناسب ماحول فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے اور اس سلسلے میں پنجاب حکومت خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے،تقریب میں وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد، ڈائریکٹر امور طلباء پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر،فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رائے تیمور نے مزید کہا کہ بے روزگاری کا خاتمہ وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں سے ہے ، اس سلسلے میں حکومت اس طرح کے منصوبے پہلے ہی لانچ کر چکی ہے جس کے تحت وزیر اعظم کے اس ویثر ن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو انٹرنپنیور بننے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ای۔روزگار سکیم کے ذریعے ماہانہ ایک لاکھ روپے سے زائد بآسانی کما سکتے ہیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کم کرنے کیلئے ای روزگار جیسے اور بھی پروگرامز کا آغاز کرنا ہو گا۔ای روزگار کی بدولت ملک میں نا صرف انٹرنپنیور شپ کے کلچر کو فروغ ملاہے بلکہ یہ پروگرام نوجوانوں کو ملازمتوں کے حصول میں بھی خاصامددگار ثابت ہو رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ سے نوازا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں