پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی 400 بہترین یونیورسٹیوں میں لائیں گے‘وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

یونیورسٹیوں کی رینکنگ کے عالمی ادارے کیو ایس رینکنگ کی 27 فروری کو جاری ہونے والی درجہ بندی میں پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ سے متعلق اچھی خبر ملے گی‘پروفیسر نیاز احمد اختر کا 128ویں جلسہ عطائے اسنادسے خطاب

ہفتہ 23 فروری 2019 17:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمدا ختر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی چار سو بہترین یونیورسٹیوں میں لائیں گے اور یونیورسٹیوں کی رینکنگ کے عالمی ادارے کیو ایس رینکنگ کی 27 فروری کو جاری ہونے والی درجہ بندی میں پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ سے متعلق اچھی خبر ملے گی۔

وہ پنجاب یونیورسٹی کی128ویں جلسہ عطائے اسنادسے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کر رہے۔تقریب میں رجسٹرارڈاکٹر محمد خالد خان، قائمقام کنٹرولر امتحانات محمد رئوف نواز، ایڈیشنل کنٹرولر راجہ شاہد جاوید،سنڈیکیٹ و سینیٹ ممبران، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان،فیکلٹی ممبران ، انتظامی عہدیدران، طلبائو طالبات اور ان والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا کہ یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کیلئے پہلی بار اساتذہ اور طلبائوطالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامات دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین 50یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے اساتذہ کو سکالرشپس دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بیچلر لیول کے طلبائو طالبات کو امپیکٹ فیکٹر جرائد میں ایک تحقیقی مقالہ شائع کرانے پر ٹیوشن فیس میں معافی جبکہ دو امپیکٹ فیکٹر تحقیقی مقالہ جات رکھنے والے طلبہ کو بغیر فیس کے ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلہ دیاجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ایمپیکٹ فیکٹر جرائد میں مقالہ شائع کرانے والے طلبہ کوسکالرشپس جبکہ سب سے بہترین ایمپیکٹ فیکٹر جرائد میں تحقیقی مقالہ شائع کرانے وا لے کو نقد انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں پی ایچ ڈی، ماسٹرز، بی ایس اور ایم فل میں سب سے ذیادہ تحقیقی مقالہ جات شائع کرنے والے طلباء و طالبات کو بیسٹ ریسرچر ایوارڈ سے نوازیں اور 20 اساتذہ کو بھی بیسٹ ریسرچر ایوارڈ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں کینسر ریسرچ گروپ اور بابا گورونانک چیئر قائم کئے گئے ہیں جن کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اور سٹیم سیل لیب شروع کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ایک ماہ میں 250ایکڑزمین پر میڈیکل سکول اور ہسپتال شروع کرے گی۔انہوںنے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبائو طالبات کا اجلاس فیصل آڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیوسٹی کی تاریخ میں پہلی بار آن لائن داخلوں کا آغاز کیا گیا جس میں ڈیڑھ لاکھ امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں اور دس ہزار طلبہ کو داخلہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ میں 36سلیکشن بورڈز کے ذریعے 144اساتذہ اور افسران کو تعینات کیا گیاجبکہ سینیٹ کے 2، سنڈیکیٹ کے 4اجلاس منعقد ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 16مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کے علاوہ قومی و بین الاقوامی کانفرنسز ، ورکشاپس، سمپوزیم اور سیمینارز کا انعقاد کرا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی انٹرنیشنلائزیشن کیلئے امریکہ ، برطانیہ، سویڈن، ڈنمارک ، اٹلی اور دیگر ممالک سے اساتذہ و محققین مختلف شعبہ جات میں تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کوصنعتوں کی جدید ضروریات کے مطابق تبدیل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے اقتصادی ، تجارتی اور تعلیمی پالیسیاں تیار کی جا چکی ہیں جو کہ جلد ہی حکومت کو پیش کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ 242ملین روپے کے سکالرشپس معذور طلبائو طالبات کو دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے نصیحت کی کہ وہ اپنے اندر اعلیٰ اخلاقی اقدار پیدا کریں اور اپنے شعبوں میں ہونے والی نت نئی تبدیلیوں سے آگاہ رہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں