یو ای ٹی لاہورکے زیر اہتمام یوم آزادی اوریوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقریب

پیر 19 اگست 2019 21:14

لاہور۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورمیں 72ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ا س موقع پر 16دنوں سے محصور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔سیمینار ہال میں منعقدہ پروگرام میں وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرورنے بطورمہمان خصوصی شرکت کی اورقومی پرچم لہرا یا۔

اس موقع پررجسٹرار،تمام شعبہ جات کے چیئرمین،ڈینز ، اساتذہ ، طلبا و طالبات اور دیگر تعلیمی و انتظامی عملے نے بھی شرکت کی اوروطن عزیز سے اظہار یکجہتی کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر سیدمنصور سرور نے کہا کہ پاکستان 27رمضان المبارک کو ملنے والا قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے اورہمیں مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنے اپنے فرائض سر انجام دے کر اسے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے ہم دیکھ سکتے ہیں کہ دنیا کے مختلف خطوں میں لوگوںکا غلامی میںگزر بسر کیسا ہے، اس لیے ہمیں خدا کے اس تحفے کی قدر کرتے ہوئے اس کے عزت و وقارمیں اضافے کے لئے سخت محنت کرنی چاہئے۔انہوں نے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کر تے ہو ئے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ "تقریب کا مقصد کشمیری بھائیوں کو پیغام دینا ہے کہ وہ آزادی کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیںاوربھارت کو کشمیریوں پر ڈھائے گئے مظالم کا حساب دینا ہوگا، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آزادی کشمیری عوام کا مقدر ہے جو انہیں مل کر رہے گا۔دریں اثناء ملک میں امن و امان اور خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں