نئی تعلیمی پالیسی سے معیار تعلیم بہتر ہوگا‘راجہ یاسر ہمایوں سرفراز

پیر 16 ستمبر 2019 21:56

لاہور۔16 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کی زیر صدارت پی ایچ ای سی آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیونٹی کالجز کے قیام اور ایسوسی ایٹ ڈگری کے مکمل نفاذ سے متعلق لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل خالد ،ماہر تعلیم ڈاکٹر عارف بٹ ، پرنسپل گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے چیئرمین پی ایچ ای سی کو ایسوسی ایٹ ڈگری کیلئے نصاب ترتیب دینے کی ہدایت کی۔وزیر ہائر ایجوکیشن نے ایسی ایٹ ڈگری کے مضامین اور کمیونٹی کالجز سے متعلق جامعات سے بھی تجاویز طلب کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری جامعات اپنی فیکلٹی اور وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسی ایٹ ڈگری آفر کریں ‘ ایسوسی ایٹ ڈگری کیلئے مضامین کا انتخاب جاب مارکیٹ کو مد نظررکھ کر کیا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے سمسٹر سسٹم کے حوالے سے اساتذہ کی ٹریننگ کا انتظام کرنے اور ایسوسی ایٹ ڈگری کے کریڈٹ آورز چار سالہ بی ایس پروگرام میں ٹرانسفر کرنے کیلئے میکنزم بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیر ہائر ایجوکیشن نے بی ایس سی انجینئرنگ میں کریڈٹ آورز ٹرانسفر کرنے سے متعلق چیئر مین پی ایچ ای سی اور جامعات سے سفارشات طلب کیں۔انہوں نے کہا کہ طلباء مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق مختلف مضامین میں ایسوسی ایٹ ڈگری حاصل کر سکیں گے جبکہ طلباء کو پریکٹیکل تجربہ کیلئے صنعتوں کے ساتھ ایم او یو سائن کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں محض ڈگریاں تقسیم نہیں کرنی بلکہ اپنے طلباء کو ہنر مند اور تعلیم یافتہ بھی بنانا ہے‘موجودہ تعلیمی نظام تباہ شدہ ہے، جسے ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘تعلیمی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلیوںکی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پہلے سال تعلیمی پالیسی مرتب کی،آئندہ سال تبدیلی نظر آئے گی‘نئی تعلیمی پالیسی سے معیار تعلیم بہتر ہوگا‘ تعلیمی نظام میں اصلاحات سے متعلق درست سمت متعین کر لی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اصلاحات کے بغیر ہمارے تعلیمی نظام میں بہتری نہیں لائی جاسکتی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں