یونیورسٹی آف اوکاڑہ اور حماد بن خلیفہ یونیورسٹی میں تعلیمی و تحقیقی تبادلے کیلئے معاہدہ طے

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:16

لاہور۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) یونیورسٹی آف اوکاڑہ اور حماد بن خلیفہ یونیورسٹی قطر کے مابین کل ایک معاہدے پہ دستخط ہوئے جس کے تحت کزن میرج اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مختلف جسمانی اور نفسیاتی بیماریوں کے متعلق دونوں اداروں کا تحقیقی اشتراک ہو گا۔ یونیورسٹی آف دی پنجاب کا ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ اور انسٹیٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز بھی اس معاہدے کا حصہ ہیں۔

معاہدے پہ قطر بائیو میڈیکل ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر ڈاکٹر یونگ گو کم، یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں فیکلٹی آف لائف سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد اور انسٹیٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز کی ڈائیریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد روبینہ ذاکر نے دستخط کیے۔

(جاری ہے)

اس معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان مختلف تحقیقی پراجیکٹز میں اشتراک کرنا، طلباء اور اساتذہ کا باہمی تبادلہ، تحقیق کیلئے لیب میٹریل اور ڈیٹا کا تبادلہ اور باہمی اشتراک سے مقالہ جات کی تخلیق ہے۔

ڈاکٹر کِم آج کل یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے سہ روزہ دورے پہ ہیں۔ وہ یہاں پہ طلباء کو لیکچرز دینے کے علاوہ یونیورسٹی اساتذہ اور انتظامیہ کے ساتھ تبادلہ خیال میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹر کِم کے ساتھ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے بتایا کہ کزن میرج پاکستانی معاشرے میں ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے اور اس طرح کے مسائل کئی دوسرے معاشروں میں بھی پائے جاتے ہیں۔

ہمیں باہمی اشتراک سے اس مسئلے پہ تحقیق کرنی چاہیے اور لوگوں کو یہ شعور دینا چاہیے کہ کزن میر ج ان کی آنے والی نسلوں کیلیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ڈاکٹر روبینہ کزن میرج اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مسائل پہ حتی الوسیع تحقیق کر چکی ہیں اور کئی مقالہ جات بھی شائع کر چکی ہیں۔ اب وہ قطر بائیو میڈیکل ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ساتھ اشتراک سے اس مسئلے کے مزید پہلووں کی اجاگر کرنے کی خواہش مند ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں