رویے اور اخلاقیات کے بغیر علم و مہارت کا کوئی فائدہ نہیں، وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد

بدھ 13 نومبر 2019 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2019ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ رویے اور اخلاقیات کے بغیر علم اور مہارت حاصل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین انسانی وسائل کے ذریعے پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنائیں گے۔وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان کے زیر اہتمام الرازی ہال میں منعقدہ تیسری تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چائولہ ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، ممبر سنڈیکٹ ڈاکٹر محبوب حسین ، فیکلٹی ممبران اورطلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسرنیاز احمد نے کہا کہ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں امیدوار پنجاب یونیورسٹی میں داخلے کی غرض سے رجوع کرتے ہیں مگر ڈگری حاصل کرنے والے خوش نصیب کم ٹھہرتے ہیں۔

انہوں نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ سیکھنے کے عمل کو ہمیشہ جاری رکھیں اوراپنی مہارتوں کو معاشرے کی فلاح میں صرف کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹاپ پوزیشنز ہر وقت باصلاحیت تعلیم یافتہ افراد کی منتظر رہتی ہیں ۔ انہوں نے ڈگری ہولڈرطلبائوطالبات ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ پاکستان کی 22کروڑ آبادی میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جو اپنے خوابوں کی تعبیر پاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور اعلیٰ ظرفی سے کام کریں تاکہ اپنا اور ملک و قوم کا نام روشن ہو سکے۔ ڈاکٹر اقبال چائولہ نے کہا کہ شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان کے طلبائو طالبات بہت باصلاحیت اور محنتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پختہ ارادہ ، مثبت سوچ ااور سخت محنت کرنے والے افراد زندگی میں آگے بڑھ جاتے ہیں جبکہ ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے والے پیچھے رہ جاتے ہیں۔تقریب میں پی ایچ ڈی، ایم فل اور ماسٹرلیول کے تقریباً 160 فارغ التحصیل طلبائو طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں