منہاج یونیورسٹی میں لنچ باکسز کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

پیر 6 اپریل 2020 23:46

لاہور۔6 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) عالمی وبا کورونا وائرس سے پیدا شدہ سنگین صورتحال اور لاک ڈائون سے پاکستان میں غریب اور مستحق طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ملک کے پسے ہوئے طبقات کے لئے اس مشکل وقت میں منہاج یونیورسٹی لاہور نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کے مطابق غریب اور نادار لوگوں کا سہارا بننے کا فیصلہ کیا اور اس ضمن میں 6 اپریل تا 20 اپریل تک منہاج لنچ باکسز کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔

اس حوالے سے گزشتہ روز منہاج یونیورسٹی میں لنچ باکسز کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد ، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی موجودگی میں غربا اور مستحق افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹرحسین محی الدین قاری نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر سچے مسلمان کو یقین ہے کہ صدقہ کی طاقت موت کو بھی شکست دے سکتی ہے۔

اب وقت آگیا ہے کہ باقاعدگی سے دعائیں اور خیرات کرکے کرونا وائرس جیسی موذی وبا کو شکست دی جائے۔ انسانیت کی خدمت کا جذبہ ذہن میں رکھتے ہوئے منہاج یونیورسٹی انتظامیہ نے ملک سے بھوک اور فاقہ کشی کے خاتمے میں حکومت کے ’’فوڈ سپورٹنگ پروگرام ‘‘ میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فوری طور پر غربا اور مساکین ،اور مستحق افراد کو لنچ باکسز کی شکل میں خوراک کی فراہمی شروع کردی گئی ہے تا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر غریب اور مستحق افراد کو بھوک اور فاقہ کشی سے بچایا جا سکے۔

لنچ باکسز کی فراہمی کے موقع پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ فوڈ کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈائون نے غریب اور مستحق طبقے کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے اس صورتحال میں منہاج یونیورسٹی کی جانب سے غریب اور پسے ہوئے طبقات کو خوراک کی فراہمی جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دوسرے ممالک کے برعکس انتہائی نازک وقت سے گزر رہا ہے اور غریب ترین افراد کرونا وائرس کی بجائے بھوک سے مر سکتے ہیں لہذا اب وقت آگیا ہے کہ ان کی پکار کا انتظار کیے بغیر ان لوگوں کی مددکی جائے اوراس شدید بحران میں فراخدلی سے حصہ ڈالا جائے اس موقع پرڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو فوڈ سپورٹنگ پروگرام کے ذریعے خوراک کی فراہمی پر منہاج یونیورسٹی لاہور کے اقدام کو سراہا۔

انہوں نے کہا پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آیا تو ادارہ منہاج القرآن کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اللہ تعالٰی اس قدرتی آفات سے ہمیں جلد نجات عطا فرمائے اور ہمیں کورونا جیسی عالمی وباکا مقابلہ کرنے کی توفیق عطا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف اپنا پیسہ اپنے اور اپنے کنبے پر خرچ کرنا اور مادی خوشیوں سے بھر پور زندگی گزارنا ذہنی سکون کا باعث نہیں بن سکتا خدمت انسانیت سے ہی روحانی سکون میسر آسکتا ہے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور میں کھانے کی تقسیم کی نگرانی اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن منہاج یونیورسٹی میجر(ر) سلمان جہانگیر نے کی جبکہ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان عوامی تحریک نوراللہ صدیقی ، مینجر ایچ آر منہاج یونیورسٹی محمد طیب اور اسٹیٹ آفیسر منہاج یونیورسٹی کاشف شیراز خان بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں