جی سی یو میں خواجہ سرائوں کے لیے خصوصی نشستوں کا اعلان

ہفتہ 8 اگست 2020 23:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2020ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں داخلوں کیلئے خواجہ سراؤں کیلئے خصوصی نشستوں کا اعلان ۔وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اصغر زیدی کی سفارش پر اکیڈمک قونصل نے منظوری دیدی ۔فیصلہ کا مقصد اس پسماندہ طبقے کی اعلی تعلیم تک رسائی میں اضافہ کرنا ہے،معاشرہ کا اصلاح درسگاہوں کی ذمہ داری ہے۔وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے معاشرے میں ایسی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے جہاں ٹرانسجینڈرز کو بطور وکیل، ڈاکٹرز، انجینئرز، بیوروکریٹس اور سیاستدان قبول کیا جائے، جہاں والدین اپنے ٹرانسجینڈر بچوں کو قبول کریں اور انکی پرورش اسی انداز سے کریں جیسے وہ اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کی کرتے ہیں، لیکن اس تبدیلی کی پہلی شرط خواجہ سراؤں کی تعلیم تک آسان رسائی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ سکولز سمیت تمام تعلیمی اداروں میں خواجہ سراؤں کے لئے خصوصی نشستیں قائم کرنے کی ضرورت ہے، جی سی یو میں خصوصی نشستوں کے علاوہ اچھے نمبر حاصل کرنے والے ٹرانسجینڈرز اوپن میرٹ پر بھی داخلہ حاصل کر سکتے ہیںانہوں نے بتایا کہ جی سی یو میں پہلے ہی دیگر پسماندہ طبقوں کے لئے خصوصی نشستیں موجود تھیں جن میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء، معذور افراد اور اقلیتیں بھی شامل ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے جب خواجہ سراؤں کے لئے خصوصی نشستیں تشکیل دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں