یونیورسٹیز میں سفارشی کلچر کو ایک لمحے کیلئے بھی برداشت نہیں کیا جائے گا،گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور

جمعہ 17 ستمبر 2021 19:31

لاہور۔17ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2021ء) :گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ یونیورسٹیز میں سفارشی کلچر کو ایک لمحے کیلئے بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میرٹ سے ہٹ کر کام کر نیوالوں کیخلاف آئین وقانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ یونیورسٹیز میں میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کسی بھی سر کاری افسر کیلئے زیادہ سے زیادہ 10 دن میں یونیورسٹیز فائل کو آگے بجھوانا لازم ہوگا گور نر سیکرٹر یٹ ،وزیرا علی سیکرٹر یٹ اور چیف سیکرٹر ی آفس پر بھی 10دن کی پابندی کا اطلاق ہوگا۔

وہ جمعہ کے روز پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام''لیڈر شپ اینڈ مینجمنٹ پروگرام فار وائس چانسلرز آف پنجاب ''کی اختتامی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پرچیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل احمد خالد،پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے متعلقہ عہدیداران اوروائس چانسلرز سمیت دیگربھی موجود تھے ۔ گور نر پنجاب  نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی یونیورسٹیز میں اصلاحات لا رہے ہیں سال میں کم ازکم 2بار یو نیورسٹی سینیٹ کا اجلاس لازمی بلانے کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے کیونکہ اجلاس نہ ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی کے بہت سے معاملات متاثر ہوتے ہیں جس کی وجہ سے طلبا کا تعلیمی نقصان ہوتا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ میں پہلے بھی واضح کرچکا ہوں کہ ہم نے پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں مکمل طور پر میرٹ پر وائس چانسلرز لگائے ہیں اور وائس چانسلرز کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سفارشی کلچر کو جڑوں سے ختم کر یں اور صرف میرٹ پر ہی تقر ریاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاںپر بھی کوئی غیر قانونی کام ہوگا اسکے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یونیورسٹیز سمیت تمام سر کاری اداروں میں سیاسی مداخلت کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے کیونکہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے نہ صرف ادارے تباہ ہوتے ہیں بلکہ عوام کو بھی شدید نقصان ہوتا ہے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیز کے بارے میں فائلزکے حوالے سے رکاوٹوں کو بھی ختم کر نے کیلئے ہم نے عملی اقدامات کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب کی یونیورسٹیز کا شمار دنیا کی بہتر ین یونیورسٹیز میں بھی ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں اصلاحات کے حوالے سے ہم نے عملی اقدامات کیے ہیں ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اداروں کی مضبوطی کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے ماضی میں ان کو کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا اور عوام کے مسائل بھی مکمل طور پر حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے ملکر اس کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments