ادبی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جی سی یو اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے مابین معاہدہ

پیر 20 ستمبر 2021 17:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) لاہور میں ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے درمیان معاہدہ۔وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی اور کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے معاہدے پر دستخط کر دیئے،جبکہ نامور شاعر امجد اسلام امجد بھی اس موقع پر موجود تھے۔لاہور کو یونیسکو نے 2019 میں ’’ادب کا شہر‘‘کے طور پر نامزد کیا تھا۔

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ساتھ معاہدہ کے تحت جی سی یو بھی اس منصوبے کا حصہ بنا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر زیدی نے اعلان کیا کہ جی سی یو لاہور فرسٹ نیشنل اسٹوڈنٹ سوسائٹیز سمٹ کے اقدام کے ساتھ اس باوقار شراکت داری کا افتتاح کرے گا، جہاں معروف یونیورسٹیوں کی مختلف طلبہ سوسائٹیوں کے نمائندے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ معاہدہ کے تحت جی سی یونیورسٹی عالمی اقبال کانفرنس، فیض فیسٹیول، تقریری مقابلے، شاعری اور تخلیقی تحریری مقابلے منعقد کرائے گا۔اس موقع پر امجد اسلام امجد نے شہر ادب کے بارے میں اپنی نظم پڑھی جسے شرکاء کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ یہ معاہدہ تمام ادبی سرگرمیوں کو ’’لاہورادب کا شہر‘‘ کے زیرِ اہتمام منعقد کیا جائے گا۔یہ ہمارے ملک کے طالب علموں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لاہور اپنی مہمان نوازی کے لیے جانا جاتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ادب کے عنوان سے اس کو مزید شہرت ملے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں