لاہور بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا،کامیابی کا تناسب98.56فیصد رہا

کوڈ پالیسی کے تحت نتائج کا اعلان کیا گیا غیر حاضر بچے فیل،11دسمبر سے سپیشل امتحان ہوگا ڈیرہ غازی خان بورڈ کے 432 طلبا وطالبات نے 1100 نمبر حاصل کر کے ریکارڈ بناڈالا

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 21:27

لاہور/ڈی جی خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) لاہور بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا، امتحانات میں 2 لاکھ 88 ہزار 617 امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 98.56 فی صد رہا۔میٹرک امتحانات میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 702 طلبہ نے درخواستیں دی تھیں اور امتحانات میں 2 لاکھ 92 ہزار 836 امیدواروں نے شرکت کی۔

میٹرک کے امیدواران کے لیے سپیشل امتحان 11 دسمبر 2021 سے منعقد ہوگا، امیدواران اپنے داخلہ فارم سنگل فیس کے ساتھ یکم نومبر تک ادا کر سکتے ہیں۔ڈبل فیس کے ساتھ 8 نومبر اور تین گنا فیس کے ساتھ داخلہ فارم 15 نومبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔چیئرمین لاہور بورڈ کے مطابق کوڈ پالیسی کے تحت نتائج کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں میٹرک کے تمام بچوں کو پاس کر دیا گیا ہے جبکہ غیر حاضر بچے فیل ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

بورڈ کے مطابق سپیشل امتحان 11دسمبر سے لیا جائے گا، یہ سپیشل امتحان غیر حاضر بچوں اور نمبروں سے ناخوش بچے دے سکیں گے۔علاوہ ازیںڈیرہ غازی خان بورڈ کے 432 طلبا وطالبات نے 1100 نمبر حاصل کر کے ریکارڈ بناڈالا۔ لیہ پہلے نمبر ،مظفرگڑھ دوسرے ، ڈیرہ غازی خان تیسرے اور راجن پور چوتھے نمبر پر رہا۔ بورڈ میں 17 ہزار طلبا وطالبات کو 33 فیصد نمبر دے کر پاس کر دیا گیا۔بورڈ میں 98 ہزار طلبا و طالبات نے میٹرک کا امتحان دیا تھا۔ تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان کی چیئر پرسن کشور ناہید رانا نے نتائج کا اعلان کیا۔ طلبا وطالبات نے الیکٹو مضامین میں سو فیصد نمبر حاصل کئے جس کی وجہ سے بچوں کے سو فیصد نمبر آئے ہیں۔ طلبا و طالبات کیلئے نتائج ویب سائٹ پر دے دیئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں