نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کا 100 فیصد نتائج کا ریکارڈ برقرار

کالج میں فاطمہ کرامت فرسٹ ، صباء عبدالرحمان سیکنڈ اور ثناء شبیر نے تھرڈ پوزیشن حاصل کی ‘حمیدہ بیگم

بدھ 26 جنوری 2022 15:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے کہا کہ نرسنگ طالبات دکھی انسانیت کی خدمت کا بہترین نمونہ بن کر میڈیکل کے شعبے کی عزت میں اضافے کا باعث بنیں اور دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی کامیابی حاصل کریں ۔انہوں نے نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی شاندار کارکردگی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے پنجاب نرسنگ بورڈ کے زیر اہتمام سالانہ امتحانات میں تھرڈ ائیر کی طالبات کی100فیصد نمبر لے کر کامیابی حاصل کرنے پر پرنسپل حمیدہ بیگم ، کلاس ٹیچر ،کالج انتظامیہ ،دیگر اساتذہ و طالبات کو مبارکباد دی ۔

پرنسپل نرسنگ کالج حمیدہ بیگم نے بتایا کہ فاطمہ کرامت نے کالج میں فرسٹ ، صباء عبدالرحمان سیکنڈاور ثناء شبیر نے تھرڈ پوزیشن حاصل کی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس کالج کی طالبات آئندہ برسوں میں بھی موجودہ تعلیمی معیار برقرار رکھتے ہوئے مادر علمی کا نام روشن کریں گی اور عملی زندگی میں پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دے کر ادارے کے لئے نیک نامی کا باعث بنیں گی ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنجاب نرسنگ بورڈ کے زیر اہتمام سالانہ امتحانات میں نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات نے ایک مرتبہ پھر سو فیصد نتائج کا ریکارڈ بر قرار رکھا۔ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طالبات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اورانہیں تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نرسنگ طالبات کی کامیابی میں ان کے اساتذہ کابہت بنیادی کردار ہے جنہوں نے پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ طالبات کی رہنمائی اور اُن کی تعلیم پر بھرپور توجہ دی۔

انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ نرسنگ ایجوکیشن ایک مشکل مضمون ہے جس کے لئے انتہائی محنت کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ انسٹرکٹرز کو اپنی موجودہ روایات کو بر قرار رکھتے ہوئے طالبات کی تعلیم مکمل کرنے میں بھرپور رہنمائی جاری رکھنی چاہیے تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں بھی اعلیٰ کامیابیاںحاصل کر سکیں۔ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے کہا کہ نرسنگ طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ کورونا ، ڈینگی اور پولیو میں بھی انتہائی جاں فشانی سے فرائض سر انجام دے رہی ہیں جو لائق تحسین ہے ۔اس موقع پر صابرہ سعید ، شہناز ڈار ، ذبیدہ بانو ، روبینہ ابراہیم ، نسرین نذیر و دیگر موجود تھیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں