پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سکول امپروومنٹ پروگرام کا پائلٹ فیز لانچ کر دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 14 مئی 2015 14:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14مئی۔2015ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سکول امپروومنٹ پروگرام کا پائلٹ فیز لانچ کر دیا ہے۔اس پروگرام کا مقصد تعلیمی کمزوریوں کا شکار پارٹنر سکولوں کا مجموعی معیار تعلیم بہتر بنانا ہے۔ اس مقصد کے لیئے لاہور سمیت 21مختلف اضلاع کے 110 ضرورت مندسکولوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سکول امپروومنٹ پروگرام کے تحت ان سکولوں کو پیف کی جانب سے سبجیکٹ سپیشلسٹ مہیا کیئے جائیں گے۔

یہ سبجیکٹ سپیشلسٹ ان سکولوں میں تدریسی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مجموعی تعلیمی معیار کی بہتری کے لیئے بھی کوشاں رہیں گے۔ اس طرح ان سکولوں کے طالب علموں کو کوالٹی ایجوکیشن ملے گی۔
یہ بات منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں سکول امپروومنٹ پروگرام کے پائلٹ فیز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔

(جاری ہے)

تقریب میں 110 سکول مالکان کے علاوہ سبجیکٹ سپیشلسٹس اور پروگرام ڈائریکٹرز نے شرکت کی ۔
ایم ڈی پیف انیلہ سلمان نے اپنے خطاب میں سکول امپروومنٹ پروگرام کے اجراء کو خوش آئند قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ اس مفید پائلٹ پروجیکٹ سے ضرورت مند پارٹنر سکولوں کو خصوصی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکولوں کے طالب علم ہمار ا مشترکہ اثاثہ ہیں ، انہیں بہترین تعلیم دے کر ہم اپنا مستقبل بہتر بنا رہے ہیں۔

اس حوالے سے پارٹنر سکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن کا فروغ ہمارا خصوصی فوکس ہے تاکہ "پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب"کے تحت 2018تک کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے۔
تعلیم کو ہر بچے کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیف اپنے تعلیمی منصوبوں میں مسلسل توسیع کر رہا ہے تاکہ کوئی ضرورت مند بچہ وسائل کی کمی کی بناء پر تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے صوبے میں فروغ تعلیم کے حوالے سے بے مثال خدمات سر انجام دی ہیں۔ قبل ازیں پیف کی ڈائریکٹربشری سعید خان نے اپنے خطاب میں سکول امپروومنٹ پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔تقریب سے مختلف پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں