کابینہ کمیٹی کا اجلاس، رمضان بازاروں کے انتظامات کی تعریف

سفید تھیلے میں آٹے کی فروخت پر پابندی ختم ، سبز تھیلے کی مقررہ قیمت پر فروخت یقینی بنائی جائے ‘ملک ندیم کامران

جمعہ 23 جون 2017 16:07

کابینہ کمیٹی کا اجلاس، رمضان بازاروں کے انتظامات کی تعریف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء)کابینہ کمیٹی برائے رمضان پیکج نے رمضان بازاروں کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے صوبائی وزرا،عوامی نمائندگان ،ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات ملک ندیم کامران کی زیر صدارت روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے کابینہ کمیٹی کے آخری اجلاس میں اس امر کا اظہارکیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کی انتھک کوششوں کے باعث رمضان بازاروں کوعوامی سہولت کے لئے بہتر سے بہتر بنانے میں مدد ملی ۔

کابینہ کمیٹی نے سفید تھیلے میں آٹے کی فروخت پر پابندی ختم کرتے ہوئے فلور ملز کو کل سے اوپن مارکیٹ میں آٹا سپلائی کرنے کی اجازت بھی دے دی۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات ملک ندیم کامران نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں موجود سبز تھیلے کی مقررہ قیمت پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور گراں فروشی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہمیشہ عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران پنجاب بھر کی319 رمضان بازاروں میں معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ۔ عوامی ریلیف کے لئے سستے آٹے کی فراہمی کا تاریخی پیک دیا گیا۔ گراں فروشی پر قابو پانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مقرر کئے گئے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عید کی خریداری کے پیش نظر پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیا ء کی رسد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی شے کی قلت نہ ہو۔ انہوں نے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا اورانہیں اسی جذبے اور محنت سے کام جاری ر کھنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز، لارڈ میئر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور ، محکمہ زراعت، لائیوسٹاک اور سپیشل برانچ کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں