ْخواجہ سعد رفیق اور کرکٹر حسن علی نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کے ساتھ عید گزاری

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اورقومی کرکٹر حسن علی بچوں کے ساتھ گھل مل گئے ،بچوں کے ساتھ سویاں بھی کھائیں

بدھ 28 جون 2017 13:42

ْخواجہ سعد رفیق اور کرکٹر حسن علی نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کے ساتھ عید گزاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) عید الفطر کے موقع پر چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن ایند ویلفئیر بیورو صبا صادق کی خصوصی دعوت پروفاقی وزیر ریلوے خواجہ عد رفیق اور قومی کرکٹر حسن علی نے عید کے پہلے روز چائلڈ پروٹیکشن بیور وکا دورہ کیا اور بیورو میں مقیم بچوں کے ساتھ عید گزاری۔ اس موقع پر بیورو میں مقیم بچوں کے لیے عیدالفطر کے حوالے سے خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا۔

اس سلسلے میں بچیوں کیلئے مہندی اور چوڑیوں کے سٹالز لگائے گئے جس میں بچیوں نے اپنی پسند کی چوڑیاں خریدیںاور مہندی کے ڈیزائن بنوائے۔اس کے علاوہ آئس کریم، برگر اور گول گپے کے سٹالز اور بار بی کیو کا اہتمام بھی کیا گیا۔بیورو میں مقیم تمام بچوں نے نئے کپڑے اور نئے جوتے پہنے، عید کی نماز ادا کی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد بچوں کے لئے کھانے پینے کے سٹالز لگائے گئے جس میں برگر،گول گپے، شوارما، سموسے، چاکلیٹ اور کاٹن کینڈی شامل تھے۔

بچوں کی دلچسپی کیلئے کھانے پینے کی شیاء کے علاو ہ جھولوں، جمپنگ کیسٹل ، میجک شواور ٹرین کا اہتمام کیا گیا جس سے بچے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوئے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق اورقومی کرکٹر حسن علی بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور انھوں نے بچوں کے ساتھ سویاں بھی کھائیں۔ مہمانوں کی جانب سے بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی گئی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بے سہارا اور لاوارث بچوں کیلئے ایک نعمت ہے اور یہ ادارہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے۔ قومی کرکٹر حسن علی نے کہا کہ عید کا دن ان بچوں کے ساتھ گزارکر انھیںدلی سکون ملا ہے اور مستقبل میں بھی ان بچوں کے ساتھ ملنے کیلئے آتے رہیں گے اور ان کے چہروں پر خوشیاں بکھیرتے رہیں گے۔

اس کے علاوہ ایم این اے پرویز ملک، ایم پی اے شہباز چودہری اور ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے بھی عید کے پہلے روز چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ کیا اور بیورو میں مقیم بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور عیدی اور تحفے تقسیم کئے۔ ان کے علاوہ متعدد سماجی شخصیات اور شہریوں نے بھی بیورو کا دورہ کیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ اس موقع پرچیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق، ڈائریکٹر ایڈ من محمد شہباز حسین اور بیورو کا دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔

چیئر پرسن صبا صادق نے وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق صاحب ، قومی کرکٹر حسن علی اور دیگر مہمانان گرامی کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کی عید کی خوشیوں میں شامل ہونے پر شکریہ ادا کیا اور تمام مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں