طاغوتی قوتوں کے خلاف عالم اسلام کو متحدہونا ہو گا ،پاکستان اور سعودی عرب طاغوت کے نشانے پر ہیں‘ساجد میر

بدھ 28 جون 2017 17:05

طاغوتی قوتوں کے خلاف عالم اسلام کو متحدہونا ہو گا ،پاکستان اور سعودی عرب طاغوت کے نشانے پر ہیں‘ساجد میر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ طاغوتی قوتوں کے خلاف عالم اسلام کو متحدہونا ہو گا ،پاکستان اور سعودی عرب طاغوت کے نشانے پر ہیں،اس وقت ملت اسلامیہ کو متعدد مقامات پر بغاوت اور تقسیم جیسی سرگرمیوں کا سامنا ہے،عالم اسلام کو درجہ بندیوں سے نکال کر یکسانیت کا ماحول پیدا کرنا ہو گا ، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینا افسوس ناک ہے۔

عیدگاہ شہاب پورہ روڈ میں عید کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ کا بھارت کی زبان بولنا تشویشناک ہے ۔ بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کشمیریوں کا مقدر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کے ان کے اس حق سے محروم نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی وائٹ ہاوس یاترا کے بعد امریکی حکومت کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ امریکا کے نزدیک معصوم کشمیریوں کے خون کی کوئی اہمیت نہیں حالانکہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید کا تہوار، رواداری، برداشت، امن و آشتی، ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کی علامت ہے،۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم نے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہے۔ ہم نے ا ن عناصر کو ناکام بنانا ہے جو پاکستان کو مسلسل عدم استحکام اور فساد میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں۔ ہمیں سیاسی و مذہبی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فساد کی قوتوں کے خلاف متحد ہونا ہے۔

جمعة الوداع کے مبارک دن، جس طرح بے گناہ اور معصوم شہریوں کو لہو میں نہلایا گیا، اس نے ہماری عید کی خوشیوں کو ماند کرد یا ہے ،ْپارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں عام شہریوں سے لے کر سرکاری اہل کاروں تک، بے گناہ پاکستانی جس وحشت اور بربریت کا شکار ہوئے، سانحہ بہاولپور میں درجنوں افراد لقمہ اجل بن گئے۔ اس پر پوری قوم افسردہ ہے۔ ہم سب متاثرہ خاندانوں کے غم میں پوری طرح شریک ہیں اوران کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کرتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں