این اے 120 کے ضمنی انتخابات‘کلثوم نواز نے مسلم لیگ نون کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ اگست 15:28

این اے 120 کے ضمنی انتخابات‘کلثوم نواز نے مسلم لیگ نون کی جانب سے کاغذات ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 اگست۔2017ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔بیگم کلثوم نواز کے این اے 120 سے 2 فارم جمع کرائے گئے، ایک فارم میں بیگم کلثوم کے تجویز کنندہ نذیر خان سواتی اور تائید کنندہ ملک فرقان ہیں جب کہ دوسرے فارم میں سہیل اقبال تجویز کنندہ اور سید محمد عظمت تائید کنندہ ہیں۔

این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے پانچ امیدوارں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جن میں عزیز الرحما چن، چوہدری ظہور، اشرف بھٹی، فیصل میر اور زبیر کاردار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ آفیسر میاں شاہد نے دونوں پارٹیوں کے امیدواروں کے کاغذات کی تصدیق کرکے انہیں جمع کرلیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ نشست پر پی ٹی آئی کی نامزد امیدوار یاسمین راشد کی انتخابی مہم کئی روز سے جاری ہے اور مسلم لیگ (ق) پی ٹی آئی کی انتخابی مہم میں ان کی بھر پور حمایت کررہی ہے۔صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پورے حلقے میں ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں اور انتخابات سے قبل دھاندلی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔اس موقع پر تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے کارکنان کی جانب سے حکومت مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔گذشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 پر ضمنی انتخاب کے لیے 3 آزاد امیدواروں علامہ غلام محمد شبیر، مائیکل حارث اور علی ربانی ایڈووکیٹ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔

یہ نشست پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے اور ان کی سبکدوشی کے بعد خالی ہوئی تھی، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے نشست کے خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مذکورہ نشست پر 17 ستمبر کو ضمنی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔ یاد رہے کہ نواز شریف نے سبکدوشی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے راہنماﺅں کے اجلاس میں فیصلہ کرتے ہوئے اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو مذکورہ نشست کے لیے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں ان کا نام واپس لے لیا گیا، جیسا کہ پارٹی کے راہنماﺅں نے تجویز دی تھی کہ شہباز شریف کا وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب پر رہنا بہت ضروری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی 12 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جب کہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 15 سے 17 اگست کے درمیان کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی امیدواروں کی فہرست 26 اگست کو آویزاں کی جائیں گی اور 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوگی۔

لاہور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments