این اے 120 ضمنی انتخاب ، کلثوم نواز اور یاسمین راشد نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

کاغذات نامزدگی 12 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں ،جانچ پڑتال کا عمل 15سے 17اگست کے درمیان کیا جائیگا حتمی امیدواروں کی فہرست 26اگست کو آویزاں کی جائیں گی ،17 ستمبر کو ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوگی‘ الیکشن کمیشن

جمعہ 11 اگست 2017 19:26

این اے 120 ضمنی انتخاب ، کلثوم نواز اور یاسمین راشد نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز اور تحریک انصاف کی یاسمین راشد نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جارہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز اور تحریک انصاف کی نامزد امیدوار یاسمین راشد نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں ۔

بیگم کلثوم نواز کے این اے 120 سے 2 فارم جمع کرائے گئے، ایک فارم میں بیگم کلثوم کے تجویز کنندہ نذیر خان سواتی اور تائید کنندہ ملک فرقان ہیں جبکہ دوسرے فارم میں سہیل اقبال تجویز کنندہ اور سید محمد عظمت تائید کنندہ ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی یاسمین راشد نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے زبیر کاردار اور فیصل میر نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے جبکہ گزشتہ روز 2 آزاد امیدواروں نے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 120لاہور کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی 12 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 15سے 17اگست کے درمیان کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی امیدواروں کی فہرست 26اگست کو آویزاں کی جائیں گی اور 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں