لاہور ہائیکورٹ کا ملتان بار کے صدرکی گرفتاری کا حکم ‘ مشتعل وکلاء کی شدید نعرے بازی

ہائیکورٹ کا ججز گیٹ توڑ دیا‘ وکلاء اور پولیس کے مابین جھڑپیں ، ٹریفک کا نظام درہم برہم

پیر 21 اگست 2017 11:34

لاہور ہائیکورٹ کا ملتان بار کے صدرکی گرفتاری کا حکم ‘ مشتعل وکلاء کی شدید نعرے بازی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے ملتان بار کے صدر شیر زمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا‘ مشتعل وکلاء نے شدید نعرے بازی کی اور ہائیکورٹ کا ججز گیٹ توڑ دیا‘ وکلاء اور پولیس کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں‘ وکلاء کے احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ پیر کو ملتان میں ججز سے بدتمیزی کیس کی لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی۔

بینچ نے کل منگل کو ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

شیر زمان پر ساتھیوں سمیت ملتان میں جسٹس قاسم سے بدتمیزی کا الزام ہے۔ ملتان بار کے صدر شیر زمان اور قیصر عباس کا لائنس بھی معطل کردیا گیا۔ وارنٹ گرفتاری اور لائسنس معطلی کے خلاف وکلاء نے شدید احتجاج کیا اور ہائی کورٹ کے ججز گیٹ کے سامنے جمع ہو کر نعرے بازی کی۔ وکلاء کی مال روڈ پر پیش قدمی کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ وکلاء نے ہائیکورٹ کا ججز گیٹ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے وکلاء پر واٹر کینن کا استعمال کیا۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں اور وکلاء میں ہاتھا پائی ہوئی۔ وکلاء نے اشتعال میں آکر عدالتی عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں