16.4ملین ایکڑ پر گندم کاشت کرنے،20ملین ٹن پیداوار کا ہدف مقرر کردیا‘وزیر زراعت پنجاب

اضلاع میں سیم وتھور کے سدباب کا 5سالہ منصوبہ شروع کرینگے، کسانوں کو نصف قیمت پر جپسم مہیا کی جائے گی امسال مزید10ہزار ایکڑ پر سولر ٹیوب ویل لگانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا‘نعیم اختر بھابھہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر زراعت نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں امسال 16.4ملین ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کرنے اور 20ملین ٹن پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، محکمہ زراعت صوبے کے 12اضلاع میں سیم وتھور کے سدباب کا 5سالہ منصوبہ شروع کررہا ہے جس کے تحت کسانوں کو نصف قیمت پر جپسم مہیا کی جائے گی۔

محکمہ زراعت کے افسروں کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کسان پیکیج کے زبردست نتائج سامنے آرہے ہیں اور پہلی بار کسان کے اندر یہ احساس پیدا ہوا ہے کہ حکومتی سطح پر زرعی معیشت کے استحکام پر مربوط انداز میں توجہ دی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈرپ اور سپرنگلزسہولت کے حامل کاشتکاروں کو سولر ٹیوب ویلوں کی تنصیب کیلئے 80فیصد سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ برس ڈیڑھ ہزار ایکڑ پر 130سولر ٹیوب ویل مہیا کئے گئے اور امسال مزید10ہزار ایکڑ پر سولر ٹیوب ویل لگانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔یہ سکیم تمام اضلاع کیلئے یکساں ہے تاہم اس کیلئے ڈرپ اور سپرنگلزسسٹم کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کپاس کی بمپر فصل پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اللہ کے خاص کرم سے حالیہ برسوں میں تمام بڑی فصلوں کی بمپر پیداوار حاصل ہوئی۔کسانوں کی بہتری کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں