پارلیمنٹ میں ختم نبوت کے بارے میں ہونے والی ترمیم کے موضوع پر کل مسالک علماء بورڈ کی طرف سے اخبارات میں چھپنے والی ساجد میر کیساتھ مکالمہ کی دعوت اس شرط پر منظور ہے کہ یہ مکالمہ کسی معروف چینل پر لائیو دکھا یا جائے، ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 20:19

پارلیمنٹ میں ختم نبوت کے بارے میں ہونے والی ترمیم کے موضوع پر کل مسالک علماء بورڈ کی طرف سے اخبارات میں چھپنے والی ساجد میر کیساتھ مکالمہ کی دعوت اس شرط پر منظور ہے کہ یہ مکالمہ کسی معروف چینل پر لائیو دکھا یا جائے، ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی سربراہ شیخ القران ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی رضوی مجددی نے کہا پارلیمنٹ میں ختم نبوت کے بارے میں ہونے والی ترمیم کے موضوع پر کل مسالک علماء بورڈ کی طرف سے اخبارات میں چھپنے والی ساجد میر کیساتھ مکالمہ کی دعوت اس شرط پر منظور ہے کہ یہ مکالمہ کسی معروف چینل پر لائیو دکھا یا جائے چینل ،تاریخ اور وقت کی تعین وتوثیق کیلئے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے انٹر نیشنل سیکرٹریٹ کے ترجمان صاحبزادہ محمد مرتضی علی ہاشمی سے رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اظہار حق کیلئے مناظرہ کرنا انبیاء کرام علیھم السلام کی سنت ہے۔تاہم اگر کوئی اسے مکالمہ کہتا ہے تو ہم مکالمہ کیلئے بھی تیار ہیں عقیدہ ختم نبوت جیسے حساس موضوع پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کوئٹہ میں پولیس ٹرک پر ہونے والے خود کش حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ ہے غیر مسلم قوتوں کے ایجنٹ کسی نرمی کے مستحق نہیں ہیں پاکستان میں کشت و خون کا بازار گرم کرنے والوں کا دین اسلام سے دور کا بھی رشتہ نہیں ۔

پاک فوج کے نوجوان اپنا خون چھڑک کر ارض وطن سے بارود کی آگ بجھا رہے ہیں۔بارودی سُرنگوں کے اگے سًرنگوں نہ ہونے والے یہ مجاہد قوم کی آنکھوں کے تارے ہیں۔اندھیروں میں اپنے حوصلوں کے چراغ جلائے اور ویرانوں میں اپنی جانوں کے باغ لگائے قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ کیپٹن حسنین اور لیفٹینٹ ارسلان جیسے کتنے ماؤں کے جگر پارے مادر وطن پر نثار ہو چکے ہیں پاک فوج ایک طرف بھارت کی طرف سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پربھارتی فائرنگ کا جواب دینے میں مصروف ہے تو دوسری طرف افغانستان اور ایران کی شر انگیزیوں کا محاسبہ کر رہی ہے۔

کہیں کلبوشن جیسے زہریلے نیٹ ورک کی آگ سے بلوچستان کو بچانے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ توکہیں کراچی جیسے روشنیوں کے شہر جہاں کچرہ کنڈیوں ،نالوں اور بوریوں سے لاشوں کا ملنا ایک معمول تھا اسے امن کا گہورہ بنانے میں ہمت لڑا رہی ہے۔ کہیں پاکستان کے اسلامی تشخص کے تحفظ میں بر سر پیکار ہے تو کہیں عقیدہ ختم نبوت کی علمبر دار ہے۔ایسے کڑے وقت میں صہیونی ذرائع ابلاغ اور پاکستان کی چند مغرب زدہ این جی اوز۔وظیفہ خور جرنلسٹ ،کالمسٹ کچھ دانشور اور نام نہاد سیاستدان بڑے بھونڈے انداز میں فوج کو برا بھلا کہنے میں مصروف ہیں۔ تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ ان تمام سازشی عناصر کے مقابلے میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں