پنجاب میں نئے کاروبار شروع کرنے والوں کیلئے گول میز مکالمے کا انعقاد

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے زیراہتمام فورم میں نئے کاروباری افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس طرح کے فورم کاروباری افراد کو صحیح سمت کا تعین کرنے کیلئے انتہائی اہم ہیں‘ شرکاء کی طرف سے مکالمے کا خیر مقدم

پیر 23 اکتوبر 2017 20:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے نئے کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے اپنی نوعیت کے پہلے گول میز مکالمے کا اہتمام کیا۔ 90 شاہراہ قائداعظم پر ہونے والے اس مکالمے کا اہتمام پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ نے خصوصی طور پر کیا تھا جبکہ اس میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے فرحان ریاض، کامسیٹس کے بزنس سٹارٹ اپ سنٹر سے غلام حسین، لمس کے ڈائریکٹرفیصل شیرجان، نیٹ سول کے سینئر نائب صدر ایوب غوری، نیٹ سول کی مارکیٹنگ مینجر فاطمہ رضوی ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے ڈائریکٹر محمد شعیب سرور، پلان 9 کی مینجر رِدا شعیب، عائشہ مبشر، ٹیک ہب کی وردا الطاف، افضان منیر اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے محسن بشیر نے بھرپور طریقے سے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس خصوصی مکالماتی نشست کا اہتمام سی ای او پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے نوجوان کاروباری افراد کو پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کی طرف سے سہولت کاری کے حوالے سے پیش کی جانے والی خدمات سے روشناس کروانے کیلئے کیا تھا۔ اس موقع پر سی ای او پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے مختصر تعارفی کلمات کے بعد باقاعدہ سوال و جواب کا سلسلہ شروع کیا جس میں تمام شرکا نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے اپنے سوالات کے جواب حاصل کئے۔

شرکا نے اس موقع پر صوبہ بھر میں نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے مکالماتی فورم کاروباری افراد کو صحیح سمت کا تعین کرنے کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ شرکا نے اس موقع پر جن مسائل کا تذکرہ کیا ان میں زیادہ تر قانون معاملات، پالیسی اور نئے کاروباروں کیلئے مراعات کے حوالے سے تھے۔

شرکا نے معاشی و معاشرتی طور پر درپیش مسائل کا بھی کھل کر تذکرہ کیا جبکہ مطالبہ کیا کہ حکومتی سطح پر نئے کاروباری افراد اور نوجوانوں کیلئے فنڈ بھی قائم کیا جانا چاہئے تاکہ کاروبار کے آغاز میں مشکلات کا شکار ہونے والوں کو سہارا مل سکے۔ مکالمے کے اختتام پر شرکا نے اس طرح کا فورم مہیا کرنے پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے پروگرام تواتر کے ساتھ منعقد کئے جانے چاہئیں تاکہ کاروباری افراد کو مل بیٹھنے اور اپنے مسائل بتانے کا موقع ملتا رہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں