سعودی عرب نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے‘شہبازشریف

پاکستان کی سماجی ترقی اور صنعت و تجارت کے فروغ میں سعودی حکومت کا تعاون اورکردارلائق تحسین ہے دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کی خوشیوں اورغم میں برابر کے شریک رہتے ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 18 نومبر 2017 18:46

سعودی عرب نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سعودی عرب کے سفیر کے ساتھ عربی زبان میں بھی گفتگو کی ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سعودی سفیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط تعلق موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کی خوشیوں اورغم میں برابر کے شریک رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سفارتی معاملات میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کی بھر پور حمایت کی ہے اور پاکستان کی سماجی ترقی اور صنعت و تجارت کے فروغ میں سعودی حکومت کا تعاون اورکردارلائق تحسین ہے۔سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑ ی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے گہرے برادرانہ اور دوستانہ روابط میںوقت کیساتھ مضبوطی آرہی ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ہر شعبہ زندگی میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے اور خاطر خواہ وسائل قومی ترقی اور عوامی خوشحالی پر صرف کئے جا رہے ہیں۔سعودی عرب کے سفیر نواف سعیدالمالکی نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی خوشحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان نے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں