رکاوٹیں ڈالے جانے کے باوجود عوام کی خدمت میں تعطل نہیں آنے دیں گے ‘ مریم نواز

کارکن پارٹی کی پہچان اور اثاثہ ہیں،مسائل حل کرینگے،جلد یوسی 69کا دورہ کرونگی‘ وفد سے گفتگو پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے بھی ملاقات کی ، سیاسی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال

پیر 20 نومبر 2017 17:16

رکاوٹیں ڈالے جانے کے باوجود عوام کی خدمت میں تعطل نہیں آنے دیں گے ‘ مریم نواز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پہچان ہے ، سیاسی مخالفین کی جانب سے رکاوٹیں ڈالے جانے کے باوجود عوام کی خدمت میں تعطل نہیں آنے دیں گے ،کارکن پارٹی کا اثاثہ اور طاقت ہیں انہیں ہر سطح پر عزت دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے شمس بیگ کی قیادت میں آنے والے حلقہ این اے 120 کی یونین کونسل 69کے بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی کارکنوںسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد نے مریم نواز کو مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا جنہیں جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2013ء میں حکومت میں آنے کے بعد (ن) لیگ کی حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کام کیا ہے ۔

(جاری ہے)

لوڈ شیڈنگ کا بحران موجودہ حکومت نے ختم کیا جبکہ دہشتگردی کے عفریت سے بھی نمٹا گیا ہے اور ملک میں امن و امان بحال ہو رہا ہے۔ انہوںنے کارکنوں کو ہدایت کہ وہ منظم ہوں اور آنے والے انتخابات میںفعال کردار ادا کرنے کیلئے تیاریاں کی جائیں۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ جلد یونین کونسل 69کا دورہ کروں گی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لوں گی۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے بھی مریم نواز سے ملاقات کی جس میں سیاسی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں