عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے عیاشیاں کرنے والے ملک ،قوم ،قانون اور اللہ کے مجرم ہیں‘خرم نواز گنڈاپور

بادشاہی نظام میں کرپشن پر شہزادے گرفتار ہو سکتے ہیں مگر اشرافیہ کی جمہوریت میں نہیں ،15ارب میں جاتی امراء بیچنے کے بیان کی تاحال تردید نہیں آئی ‘سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

پیر 20 نومبر 2017 17:36

عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے عیاشیاں کرنے والے ملک ،قوم ،قانون اور اللہ کے مجرم ہیں‘خرم نواز گنڈاپور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے عیاشیاں کرنے والے ملک ،قوم ،قانون اور اللہ کے مجرم ہیں،بادشاہی نظام میں کرپشن پر شہزادے گرفتار ہو سکتے ہیں مگر اشرافیہ کی جمہوریت میں نہیں ،15ارب میں جاتی امراء بیچنے کے بیان کی تاحال تردید نہیں آئی۔

وہ گز شتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف ملکی تاریخ کے واحد ملزم ہیں جنہیں صفائی دینے کے خصوصی مواقع فراہم کیے گئے اورمنی ٹریل دینے کے حوالے سے ثبوت دینے کیلئے باقاعدہ منت سماجت بھی کی گئی مگر وہ ایک پائی کی منی ٹریل نہ دے سکے اور منی ٹریل کے طور پر ایک قطری کا خط لے آئے وہ قطری شہزادہ جس کا اپنا نام پیراڈائز لیکس کی فہرست میں نکل آیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب جہاں بادشاہت کا نظام ہے اور ایک خاندان کی حکمرانی ہے ،اس نظام میں کرپشن پر شہزادوں کو گرفتار کرنے کی گنجائش ہے مگر پاکستان میں اشرافیہ کی جمہوریت میں ایسے عمل کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا جو اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی جمہوریت بادشاہت سے بھی بدتر ہے اور اس نظام میں معاشی دہشت گردوں کا کوئی بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جیلیں معمولی چوروں، جیب کتروں اور چند گرام منشیات خریدنے یا استعمال کرنے والوں سے بھری پڑی ہیں مگر تیس سال تک ملکی خزانہ لوٹنے والوں کو شاہی پروٹوکول میں عدالت میں لایا اور رخصت کیاجاتا ہے ۔قومی لٹیروں کو پروٹوکول دینے والے آئین، قانون اور 21 کروڑ عوام کا مذاق اڑارہے ہیں اور معزز ججز پر آوازے کس رہے ہیں۔ اب یہ پاکستان کے 21 کروڑ عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں اسی لوٹ کھسوٹ کے نظام کے ساتھ زندہ رہنا ہے یا ایماندار قیادت منتخب کر کے ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ وزیراعظم، وزراء کے بیرونی دوروں ،ان کے کچن ،ان کے سفری اخراجات ،ان کی تنخواہیں اور مراعات کی ادائیگیاں عوام کے خون پسینے کے ٹیکسوں سے ادا ہوتی ہیں۔ عوام کا یہ پیسہ عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے حکمرانوں کی نجی رہائش گاہوں کی حفاظت ،اللوں تللوں اورتزئین و آرائش پر خرچ کرنے والے اس قوم ، ملک ،قانون اور اللہ کے مجرم ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں