اظہار رائے ہر کسی کا حق ہے ،حکومتیں گرانا پاکستان کی خدمت نہیں ‘ملک رفیق رجوانہ

معیار تعلیم میں بہتری سے پاکستان کی یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں بہتری آئے گی ‘ گورنر پنجاب کا خطاب

پیر 20 نومبر 2017 18:06

اظہار رائے ہر کسی کا حق ہے ،حکومتیں گرانا پاکستان کی خدمت نہیں ‘ملک رفیق رجوانہ
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2017ء) گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وہ قومیں کبھی زوال پذیر نہیں ہوتیں جو اپنے ٹارگٹ،اپنے مشن اور اپنے مقاصد کو زندگیوں کے ساتھ لازم و ملزوم کرلیتی ہیں، دُنیا کے بڑے بڑے چیلنجز کا مقابلہ صرف اور صرف حصول تعلیم سے ہی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں یہاں پنجاب یونیورسٹی (فیصل ایڈیٹوریم) لاہور میںپنجاب یونیورسٹی کی126ویں کانووکیشن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میںمیئر لاہور کرنل (ر) مبشرجاوید ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، فیکلٹیوں کے ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان، سینئر فیکلٹی و انتظامی عہدیداران ، طلبائو طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب و چانسلر پنجاب یونیورسٹی ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ معیار تعلیم میں بہتری سے پاکستان کی یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں بہتری آئے گی اور اس سے ہماری ڈگریوں کی عزت بڑھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں کے چانسلر ہونے کی حیثیت سے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے سے متعلق نہایت فکر مند رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے افراد کو سیاست میں بھی آئیں ملک کو باشعور سیاستدانوں کی بھی ضرورت ہے۔ گورنر نے کہا کہ علم اور تعلیم میں فرق ہے اور موجودہ دور تحقیق ، ٹیکنالوجی اور سپیشلائزیشن کا دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان عوامل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جس سے ہماری جامعات کی رینکنگ میں اضافہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے اور منفی امور پر مثبت و تعمیر ی تنقید کے ساتھ مسئلے کا حل بھی میڈیا کو دکھانا چاہئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور سیاسی رہنماء محب وطن ہیں ہم میں اختلاف رائے ہو سکتا ہے تاہم اس پر کسی کو کوئی اختلاف نہیں کہ ملک میں جمہوریت، معیشت اورپارلیمنٹ مضبوط ہو اور ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں گرانا پاکستان کی خدمت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے ہر کسی کا حق ہے تاہم اپنے اس حق کے استعمال میں دوسروں کے بنیادی حقوق مجروح نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء وطالبات ہمارا حقیقی سرمایہ ہیں اور آپ کا اصل امتحان اب شروع ہو اہے اور اب آ پ نے ملک کی خدمت کرنی ہے۔ آپ ہمارا اور پاکستان کا مستقبل ہیں ۔ آپ جونسا بھی پیشہ اختیار کریں اس میں ملک اور عام آدمی کی بہتری کے لئے کام کریں۔

گورنر نے میڈلز اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو نصیحت کی کہ پاکستان کی خدمت کر کے یہ ثابت کریں کہ آپ اس اعزاز کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ آپ پاکستان کی سب سے بہترین یونیورسٹی سے ڈگری لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد طالبات کو گھر نہیں بیٹھنا چاہئے بلکہ عملی میدان میں آگے بڑھنا چاہئے کیونکہ اب امتیازی سلوک اور سوچ کا وہ دور نہیں رہا اور اب خواتین ہر شعبے میں آگے آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے ہر شعبے میں خواتین کو صحیح حق نمائندگی دیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ کو بہتر بنانے کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ نے مختلف اقدامات کرتے ہوئے تحقیق کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز کو بحال اور فعال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں گزشتہ دس ماہ میں ایک اکیڈیمک کونسل، دو سینڈیکیٹ ، نو سلیکشن بورڈ ز اور ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے دس اجلاس منعقد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی قلیل عرصے میں نوقومی و بین الاقوامی کانفرنسیں، 6 قومی ورکشاپس، اکیس سیمینار زاور متعدد سمپوزیم بھی منعقد کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی نے اس دوران 24 قومی و بین الاقوامی ایم او یوز پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی پروگراموں کا نصاب بھی جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے جبکہ یونیورسٹی میں پر امن ماحول کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے طلبا و طالبات میں گولڈ میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ گورنر پنجاب کو ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں