ٹھوس اقتصادی پالیسیو ںکے باعث ملک ترقی کی شاہراہ پر ٹیک آف کر چکا ہے، شہباز شریف

آج پاکستان پہلے کی نسبت کہیں زیادہ محفوظ، پرامن ، خوشحال اور روشن ہے، ناکام سیاسی عناصر نے ہمیشہ عوام میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی لیکن ہم نے دھرنوں اور لاک ڈائون کے باوجود ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا ، دہشت گردی کے ناسور کا بھی بہت حد تک خاتمہ کردیاگیا ہے، لوڈ شیڈنگ پر بھی قابو پا لیا ہے،بے بنیاد الزامات لگانے والوںکوعوامی خدمت سے کوئی سروکار نہیں، جھوٹ کی منفی سیاست عوام میں اپنی ساکھ کھو چکی ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

پیر 20 نومبر 2017 20:52

ٹھوس اقتصادی پالیسیو ںکے باعث ملک ترقی کی شاہراہ پر ٹیک آف کر چکا ہے، شہباز شریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی محرومیوں کو خوشیوں میں بدلنے کیلئے مخلصانہ اقدامات کئے ہیںاورہماری ٹھوس اقتصادی پالیسیو ںکے باعث ملک ترقی کی شاہراہ پر ٹیک آف کر چکا ہے۔ آج پاکستان پہلے کی نسبت کہیں زیادہ محفوظ، پرامن ، خوشحال اور روشن ہے۔

ناکام سیاسی عناصر نے ہمیشہ عوام میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی لیکن ہم نے دھرنوں اور لاک ڈائون کے باوجود ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا ہے۔میگا منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اورہماری حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ آئندہ الیکشن بھی کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالا ت کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ ملک کی تاریخ مسلم لیگ (ن) کی خدمت کی سیاست کی گواہ ہے اور ہم نے ملکی و بین الاقوامی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دی ہیں۔ آج ان پالیسیوں کے مثبت نتائج قوم کے سامنے ہیں۔ ٹھوس پالیسیوں کے باعث ملک بہتری کی جانب رواں دواں ہے۔ ملک میں امن قائم ہوا ہے اور روزگار کے مواقع بڑھے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن ) کی حکومت ملک کو درپیش حقیقی مسائل کے حل کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

ہماری مخلصانہ کاوشوں کے باعث توانائی بحران اور دہشت گردی جیسے چیلنجز پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور آج ملک میں لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ دہشت گردی کے ناسور کا بھی بہت حد تک خاتمہ کردیاگیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے ہر دور میں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیںاورصدق دل کیساتھ عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ ہمارے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہمارے دورمیں خوشحال، ترقی یافتہ ،روشن اورپرامن پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ محنت، امانت، صداقت اور دیانت کو شعار بناتے ہوئے ترقی کے سفر کو آگے بڑھارہے ہیں۔

بے بنیاد الزامات لگانے والوںکوعوامی خدمت سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی منفی سیاست عوام میں اپنی ساکھ کھو چکی ہے اوران شکست خوردہ عناصر نے ملک وقوم کے روشن مستقبل کو کھوٹا کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوںنے کہا کہ جھوٹ اور بہتان طرازی کی منفی سیاست کے علمبر دار عناصر کو عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم قائداعظمؒ کے افکار اور تصورات کی روشنی میں پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں اورہم صرف عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور خدمت خلق کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں