ترک خاندانوں کی جبری ملک بدری کیخلاف درخواست پر سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کا ریکارڈعدالت میں پیش کر دیا گیا

بدھ 22 نومبر 2017 16:17

ترک خاندانوں کی جبری ملک بدری کیخلاف درخواست پر سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کا ریکارڈعدالت میں پیش کر دیا گیا
لاہور۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ میں ترک خاندانوں کی جبری ملک بدری کیخلاف درخواست پر سول ایوی ایشن کی جانب سے تیرہ اور چودہ اکتوبر کو بیرون ملک جانے والے مسافروں کا ریکارڈعدالت میں پیش کر دیا گیا ، درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ ترکی میں سیاسی عدم استحکام کے باعث طیب اردگان کے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،پاکستان میں مقیم اردگان کے سیاسی مخالفین کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے،پاکستان میں مقیم ترکیوں کو عالمی معاہدوں کے تحت تحفظ حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود پاکستان میں رہائش پذیر ترک خاندانوں کو جبری طور پر پاکستان بدر کیا جا رہا ہے،وزارت داخلہ کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے کہا گیا کہ ترک خاندان کے لاپتہ ہونے اور ترک خاندان کی حساس اداروں کی تحویل جاننے کیلئے خط لکھا ہے ۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بادی النظر میں عدالت کی حکم عدولی نہیں ہوئی، عدالتی حکم پر سول ایوی ایشن حکام نے لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پرترکی سے آنے اور جانے والی پروازوں کے مسافروں کا ڈیٹا عدالت میں پیش کر دیا، عدالت نے درخواست گزاروں کی وکیل عاصمہ جہانگیر کوترکی جانیوالے مسافروں اور پیش کی جانے والی رپورٹ کا معائنہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کیلئے طلب کرلیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں