2018میں بروقت صاف اور شفاف انتخابات نہ ہوئے تو اندھیروں ،مایوسی کے سوا کچھ نہیں بچے گا‘حمزہ شہباز

اب اقتدار کی نہیں پاکستان کی ترقی کی باری آنی چاہیے ، پالیسیوں اور جمہوریت کا تسلسل ہرحال میںضروری ہے،گالیاں دینے اورعزتیں اچھالنے کی بجائے کام کرنا پڑتا ہے ،لمبے لمبے بھاشن دینے سے کسی کو عزت نہیں ملتی‘ایوان اقبال میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی پروقار تقریب سے خطاب

پیر 11 دسمبر 2017 17:20

2018میں بروقت صاف اور شفاف انتخابات نہ ہوئے تو اندھیروں ،مایوسی کے سوا کچھ نہیں بچے گا‘حمزہ شہباز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 2018میں بروقت صاف اور شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک میں اندھیروں اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں بچے گا، 20کروڑ کا ملک بھیڑ بکریاں نہیںایٹمی قوت ہے اور یہاں کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا خوب جانتے ہیں،اب اقتدار کی نہیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی باری آنی چاہیے ، دنیا بھر میں ترقی کرنے والے ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی پالیسیوں اور جمہوریت کا تسلسل ہر حال میں ضروری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایوان اقبال میں 7ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ 16ہزار طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ کی تقسیم کے چوتھے مرحلے کے لئے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کے میدان میں ہونے والی کامیابیاں سب کے سامنے ہیں - خادم اعلی نے اہم قومی شعبوں میں نئی روایات قائم کی ہیںاور ثابت کیا ہے کہ گالیاں دینے اور عزتیں اچھالنے کی بجائے عملی کام کرنا چاہیے ، لمبے لمبے بھاشن دینے سے کسی کو عزت نہیں ملتی-انہوں نے کہا کہ قومی سیاست سچ پر مبنی ہونی چاہیے اقتدار کے پجاری بہت بیٹھے ہیں لیکن عوام کا پیٹ صر ف باتوں سے نہیں بھرتا- انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو یہ ادراک ہونا چاہیے کہ قوم کے اصل مسائل کیا ہیں، عوام کس ڈگر پر چل رہے ہیں اور ملک کیا چاہتا ہے حمزہ شہباز نے کہا کہ 2018میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ انہو ں نے کس پارٹی کو مینڈیٹ دینا ہے، مسلم لیگ (ن) نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے سے لے کر اقتصادی ترقی تک کے وعدے وقت سے پہلے پورے کردیئے ہیںجبکہ پنجاب کو جنگلہ بس کا طعنہ دینے والے چار برسوں کے بعد کے پی کے میں اسی میٹروبس کی نقل کررہے ہیں- حمزہ شہباز نے کہا کہ طاقت کا اصل سرچشمہ عوام کی بھلائی ہے اور کل کا مستقبل اس نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے جسے پنجاب حکومت لیپ ٹاپ جیسی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کررہی ہے -انہوں نے کہا کہ دوسروں پر الزامات لگانے والے چیچوکی ملیاں جا کر دیکھیں جہاں پاورپلانٹ پر ایک اینٹ نہیں لگی جبکہ پنجاب حکومت ساہیوال کے کول پراجیکٹ ، بھکی ، حویلی بہادر شاہ اور بہاولپور سولر منصوبوں جیسی کامیابیوں سے لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کرنے جارہی ہی-حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم قائد اور اقبال کے افکار کے مطابق ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں -انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں آج صرف دانش سکول کے 500بچوں کو لیپ ٹاپ دیئے جارہے ہیں جبکہ انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے 2لاکھ35ہزار طلبا و طالبات کو 17ارب روپے کے سکالرشپ دیئے جارہے ہیں جو 2018میں 6ارب کے اضافہ کے ساتھ 3لاکھ 50ہزار طلبا و طالبات کو تقسیم ہوں گے اور وہ اعلی تعلیم حاصل کرسکیں گی- حمزہ شہباز نے کہا کہ کرپشن کے الزامات لگانے والوں کو عدالت میں ثبوت کے ساتھ آنا چاہیے فخر ہے کہ ہمارا دامن صاف ہے اور ہم آج ان ماؤں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جن کے بچے فوج، رینجرزاور سپاہیوں کی شکل میں جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں- حمزہ شہباز نے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے اور بچوں کے ساتھ دل دل پاکستان کا ملی نغمہ گایا- صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عمران علی گورائیہ کے علاوہ مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ، اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی-

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں