القدس کی آزادی کیلئے جدوجہد ہر مسلمان پر فرض ہے ، امریکی صدر کا فیصلہ دنیا کے کسی بھی امن پسند کو قبول نہیں ہے‘طاہر محمود اشرفی

امریکہ نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دے کر دنیا میں مختلف مذاہب کے درمیان کشیدگی کے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی ہے‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

پیر 11 دسمبر 2017 17:38

القدس کی آزادی کیلئے جدوجہد ہر مسلمان پر فرض ہے ، امریکی صدر کا فیصلہ دنیا کے کسی بھی امن پسند کو قبول نہیں ہے‘طاہر محمود اشرفی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ القدس کی آزادی اور تحفظ کیلئے جدوجہد ہر مسلمان پر فرض ہے ، امریکی صدر کا فیصلہ دنیا کے کسی بھی امن پسند کو قبول نہیں ہے ، 18 دسمبر کو ’’لبیک یا اقصیٰ کانفرنس‘‘ اسلام آباد میں ہو گی۔ یہ بات حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ کے منعقدہ علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کو سعودی عرب اور پاکستان کی طرح اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کرنا ہو گا اور جن مسلم ممالک کے اسرائیل میں سفارتخانے ہیں ان کو بند کیا جائے اور امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کو ختم کیا جائے ، امریکی صدر نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دے کر عالمی اصولوں اور قوانین کی نہ صرف خلاف ورزی کی ہے بلکہ دنیا میں مختلف مذاہب کے درمیان کشیدگی اور جنگ کے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے ملک گیر مہم ’’لبیک یا اقصیٰ ‘‘ شروع کر دی ہے ، امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف پوری پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ کا شعور اجاگر کیا جائے گا۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الحمید وٹو نے کہا کہ القدس حرمین الشریفین کی طرح مسلمانوں کیلئے مقدس ہے اور اسلامی سربراہی کانفرنس کو اس معاملے پر اپنا بھرپو ر کردار ادا کرتے ہوئے اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ، پاکستان علماء کونسل کے وائس چیئرمین مولانا محمد ایوب صفدر نے کہا کہ پاکستانی قوم کل بھی مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ تھی اور آج بھی ان کے ساتھ ہے ۔

پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے صدر مولانا عبد الحمید صابری نے کہا کہ 18 دسمبر کواسلام آباد میں قومی سطح کی ’’لبیک یا اقصیٰ کانفرنس‘‘ ہو گی جس سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے ، کنونشن سے مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا محمد شفیع قاسمی ،مولانا نعمان حاشر ، مولانا حاجی محمد طیب قادری، مولانا عبد الحکیم اطہر ، مولانا محمد اشفاق پتافی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں