نواز لیگ ماضی کا مزار بن چکی ، پی ٹی آئی کے جلسوں کی کامیابی حکومت پر عدم اعتماد ہے‘عبدالعلیم خان

عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ‘صدرتحریک انصاف سنٹرل پنجاب

پیر 11 دسمبر 2017 18:05

نواز لیگ ماضی کا مزار بن چکی ، پی ٹی آئی کے جلسوں کی کامیابی حکومت پر عدم اعتماد ہے‘عبدالعلیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ ماضی کا مزار بن چکی ہے پی ٹی آئی کا ایک کے بعد ایک کامیاب جلسہ حکومت پر عوامی عدم اعتماد ثابت کر رہا ہے اوردرحقیقت موجودہ حکومت جا چکی ہے صرف رسمی اعلان ہونا باقی ہے۔ عبدالعلیم خان نے شیخوپورہ کے کامیاب ترین جلسے کے انعقاد پر پارٹی کارکنوں بالخصوص شیخوپورہ کے تمام مقامی عہدیداروں و کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی اور حکومتی رکاوٹیں بھی کارکنوں کا راستہ نہیں روک سکیں شیخوپورہ کا جلسہ تخت لاہور کے گرد منڈلاتی ہوئی سونامی ہے جو آئندہ انتخابات میں پاکستان کی تمام سیاسی آلودگی کو بہا لے جائے گا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور کرپٹ حکمرانوں سے ہمیشہ کیلئے نجات مل جائے گی جنہوں نے عوام کیلئے جسم اور روح کا رشتہ قائم رکھنا بھی نا ممکن بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی کے بعد شریف اینڈ کمپنی نے سب سے زیادہ سرمایہ لوٹ کر برطانیہ منتقل کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس ناکام حکومت کے دامن میں اشتہاری اور درباری رہ گئے ہیں،چوروں اور لٹیروں کی سیاست ختم ہوچکی ہے،لوٹ مار کا مال چھپانے کے حیلوں بہانوں کے سوا کرپٹ ٹبر کے پاس کچھ نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے دعوے کرنے والی نواز لیگ نے نمائشی منصوبوں پر بے دریغ سرمایہ لٹاتے ہوئے ملکی معیشت کو تباہی کے کنارے لاکھڑا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں