پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ایک رول ماڈل بنے گا‘شہبازشریف

ہسپتال میں گردے اورجگر کے امراض کے مستحق مریضوں کو جدید علاج معالجہ مفت ملے گا،یہ ادارہ اپنی مثال آپ ہو گا، عام آدمی کو علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولتیں دیکراسے اس کا حق دیں گے‘وزیراعلیٰ پنجاب کا لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 21:54

پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ایک رول ماڈل بنے گا‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کیا۔اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے زیر تعمیر منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ایک رول ماڈل بنے گااور یہ خطے کا سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہو گا-وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں گردے اورجگر کے امراض کے مستحق مریضوں کو جدید علاج معالجہ مفت ملے گااور20 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالا یہ ادارہ اپنی مثال آپ ہو گا- انہوںنے کہا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کیلئے دن رات کام کیا جائے کیونکہ پہلے مرحلے کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے -وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے پر مزید محنت اور جذبے سے کام جاری رکھا جائے اورہسپتال کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ لینڈا سکیپنگ اورہارٹیکلچر ہونی چاہیی- انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت اربوں روپے کے وسائل سے جگر اورگردے کے مریضوں کیلئے جدید ہسپتال بنا رہی ہے اوراس ہسپتال میں علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ پراجیکٹ بھی شفافیت اوراعلی معیار کا شاہکار ہوگااورہسپتال مینجمنٹ سسٹم کے تحت پورا نظام ڈیجیٹل اورکمپیوٹرائزڈہوگا۔ ڈاکٹروں نرسوں اوردیگر عملے کیلئے رہائشی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی اورپنجاب حکومت اس منصوبے کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عام آدمی کو علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولتیں دیکراسے اس کا حق دیں گے۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے حوالے سے ہونیوالی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق،رانا مشہود احمد،ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمدخان،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدرڈاکٹر سعید اختراورمتعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں