میاں برادران صرف اپنے حق میں آنے والے عدالتی فیصلوں کو انصاف سمجھتے ہیں :عبدالعلیم خان

اتوار 17 دسمبر 2017 20:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شریف برادران کا پرانا وطیرہ رہا ہے کہ یہ صرف اپنے حق میں آنے والے فیصلوں کو ہی انصاف سمجھتے ہیں اور مخالف فیصلہ آنے پر اسے قبول کرنے کی بجائے عدلیہ پر تنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا ابھی حوصلہ رکھے ختم نبوت اور ماڈل ٹاؤن جیسے سنگین الزامات کڑے امتحان ہیں جن سے یہ کسی صورت بچ نہیں سکتے عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کو صادق اور امین قرار دیئے جانے کا فیصلہ نواز لیگ کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا ہے عمران خان کا اہل ہونا ایک بار پھر نواز شریف کا نا اہل ہونا ہے انہوںنے کہا کہ ایک طرف پاک فوج دہشت گردوں کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے میں مصروف تو دوسری جانب پی ٹی آئی ملک کو سیاسی دہشت گردوں سے نجات دلانے کیلئے کوشاں ہے، عوام کی بھرپور حمایت سے دونوں اپنے اپنے محاذ پر کامیاب ہوں گے، عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ احتساب کو سازش قرار دیکر قربانیاں دینے والی فوج اور عدلیہ کو متنازع بنانے والے شریف خاندان کو بالآخر جیلوں میں جانا ہوانہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم اور ان کی خود ساختہ سیاسی وارث بیٹی سپریم کورٹ پر طنز کے نشتر چلاکر اپنے خفت مٹانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء عبدالعلیم خان نے کوئٹہ میں چرچ پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں، عیسائی برادری کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ بیرونی عناصر کے اشاروں پر چلنے والے دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں،اسلام تو دیگر مذاہب کیساتھ رواداری برتنے کی تعلیم دیتا ہے،دہشت گردوں نے چرچ کو نہیں سیکیورٹی اداروں کے عزم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے لیکن ان کے مقاصد پورے نہیں ہونگے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ شرپسند عناصر کیخلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے، پی ٹی آئی کوئٹہ میں سینکڑوں افراد کی زندگیاں بچانے کیلئے اپنی جان پر کھیل جانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں