نیب لاہور کی بڑی کارروائی ،

عوام سے موٹر سائیکل فراہمی کے نام پر اربوں روپے کا فراڈ کرنیوالے نیٹ ورک کا سرغنہ گرفتار 25ہزار ایڈوانس وصولی پر موٹر سائیکل فراہمی کا وعدہ کرتے رہے،1لاکھ سے زائد متاثرین سے اربوں روپے لوٹے جانے کا انکشاف ملزم ڈائریکٹر ایم این ایم نیٹ ورک احمد سیال کی گرفتاری لاہور میں عمل میں آئی ، احتساب عدالت نے 10روز کا جسمانی ریمانڈ دیدیا

جمعہ 19 جنوری 2018 14:55

نیب لاہور کی بڑی کارروائی ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے عوام سے موٹر سائیکل فراہمی کے نام پر اربوں روپے کا فراڈ کرنیوالے نیٹ ورک کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ۔ ترجمان نیب کے مطابق ملزم ڈائریکٹر ایم این ایم نیٹ ورک احمد سیال کی گرفتاری لاہور سے عمل میں لائی گئی ۔ 2017ء میں ایم این ایم نامی کمپنی کھولی گئی اور بعد ازاں فیصل آباد،جھنگ،ساہیوال،سرگودھا،ملتان،لیہ ،چیچہ وطنی اور ٹوبہ کے علاقوں میں دفاتر کھولے گئے،ملزمان 25,000 ایڈوانس وصولی پر 45 ایام میں موٹر سائیکل فراہمی کا وعدہ کرتے رہے، ابتداء طور پر 20,000 موٹر سائیکل تقسیم کیے گئے۔

نیب لاہور کو ایس ای سی پی کی جانب سے ستمبر 2017ء میں ملزمان کیخلاف شکایت درج کروائی گئی ،ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کارروائی سے گریزاں تھا جس کے باعث کیس نیب لاہور کو ریفر کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق دوران تفتیش مختلف شہروں میں سینکڑوں دفاتر و ہزاروں ایجنٹس فعال ہونے کا انکشاف ہوا ، نیب لاہور کا مذکورہ کمپنی کے گرفتار اسٹاک افسر ظفر اقبال سے تحقیقات میں تہلکہ خیز انکشافات پر تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا اور مذکورہ کیس میں 1لاکھ سے زائد متاثرین سے اربوں روپے لوٹے جانے کا انکشاف ہوا ۔

نیب لاہور کی جانب سے ملزم ڈائریکٹر احمد سیال کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے احتساب عدالت کے روبرو پیش کر دیا گیا ۔ احتساب عدالت نے نیب تفتیشی افسران کو ملزم احمد سیال کا 10روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا ہے تاکہ ملزمان کے خلاف تفتیش کا دائرہ کار مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں