ای کامرس گیٹ وے کے زیر اہتمام کراچی میں 20 سے 22 مارچ تک پانچ بین الاقوامی نمائشیں منعقد ہوں گی

پیر 22 جنوری 2018 17:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) پاکستان کے تجارتی نمائشیں منعقد کرنے والے بڑے ادارے ای کامرس گیٹ وے کے زیر اہتمام 20 مارچ سے کراچی میں پانچ بین الاقوامی سطح کی نمائشیں اور تقریبات منعقد ہوں گی جو 22 مارچ تک جاری رہیں گی۔ یہ تقریبات کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائیں گی۔ تین روزہ ایونٹ کے دوران فیش جیولری ایکسپو، بیوٹی اینڈ فٹنس ایکسپو، شوز اینڈ بیگز ایکسپو، گھریلو استعمال کی مصنوعات کی صنعتوں کی نمائش اور گفٹ آئٹمز کی صنعتوں کی ایک خصوصی نمائش بھی شامل ہوں گی۔

ان نمائشوں میں 150 سے زائد مقامی اور غیر ملکی کمپنیاں حصہ لیں گی جبکہ 40 ہزار سے زائد افراد کی نمائش میں شرکت متوقع ہے۔ اس نمائش سے مختلف کمپنیوں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع ملے گا جبکہ اس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، مصنوعات تیار کرنے والوں، تاجروں اور غیر ملکی کمپنیوں کو بھی پاکستانی صارفین تک رسائی کا بہترین موقع میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

تین روزہ ایونٹ کے دوران انٹرنیشنل بیوٹی، کاسمیٹکس اور فٹنس فیئر بھی منعقد ہوگا جو جدید ترین مصنوعات پیش کرنے اور انہیں متعارف کرانے کے حوالے سے ایک بڑا پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ انٹرنیشنل فیشن اینڈ جیولری ایگزیبیشن ٹریڈ فیئر اس تین روزہ ایونٹ کا ایک اور اہم حصہ ہے جس میں فیشن اور جیولری کی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کو صارفین تک اپنی مصنوعات پہنچانے کا موقع فراہم ہوگا۔

اس کے علاوہ انٹرنیشنل شوز اینڈ بیگز ٹریڈ فیئر جوتوں اور بیگز کی صنعت میں نت نئے ڈیزائن اور جدت کو متعارف کرائے گا۔ انٹرنیشنل ہائوس ہولڈ ٹولز ایکوئپمنٹ اینڈ ایپلائنسز ٹریڈ فیئر ایشیا کا سب سے مقبول ایونٹ ثابت ہوگا جو گھریلو استعمال کی اشیاء اور مصنوعات سے صارفین کو متوجہ کرے گا۔ انٹرنیشنل گفٹس ٹریڈ فیئر میں بہت سی بین الاقوامی اور مقامی کمپنیاں حصہ لیں گی اور اپنی جدید ترین اشیاء اور تحائف کی صنعت کی تیار کردہ جدید مصنوعات کی نمائش کریں گی۔

ای کامرس گیٹ وے پرائیویٹ لمیٹڈ کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے کہا کہ یہ انتہائی پرمسرت اور فخر کا مقام ہے کہ ہم مارچ 2018ء میں پاکستان میں پانچ مختلف قسم کے بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد کر رہے ہیں۔ یہ ایونٹس نہ صرف مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے لئے اہمیت اور کشش کے حامل ہیں بلکہ یہ صارفین کو بھی اپنی جانب متوجہ کریں گے اور ان کے ذریعے مختلف کمپنیاں اپنی مصنوعات صارفین تک متعارف کرا سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مختلف صنعتوں سے وابستہ کمپنیاں ان بڑے ایونٹس سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں اور صارفین تک اپنی مصنوعات متعارف کرا سکتی ہیں۔ ان نمائشوں میں مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کی بھرپور شرکت سے پاکستان میں نہ صرف تجارت کے حجم میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کا تشخص بھی بہتر ہوگا جس سے ملکی اقتصادی ترقی کی شرح میں بہتری آئے گی اور ایک ترقی یافتہ پاکستان کی جانب پیش قدمی ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خدمات اور مختلف مصنوعات کے اعلیٰ معیار اور مارکیٹ کے حجم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس طرح کی نمائشوں کے انعقاد سے صارفین کو بہتر مصنوعات تک رسائی میسر آئے گی۔ ایونٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عذیر نظام نے کہا کہ ای کامرس گیٹ وے کی جانب سے ان بڑے ایونٹس کے انعقاد سے پاکستان میں مختلف مقامی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی کمپنیوں کو مقامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ اس سے نہ صرف مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں ایک دوسرے کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کر سکیں گی بلکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے آپس میں روابط کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں