وزیراعلیٰ پنجاب سے سینیٹر الیاس بلور کی سربراہی میں صنعتکاروں کے وفدکی ملاقات ، عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات پر شہبازشریف کو خراج تحسین

آپ کی قیادت میں پنجاب بھر میں شاندار کام ہوا ہے،پشاور کے لوگ بھی کہتے ہیں کہ ہمیں شہبازشریف جیسا وزیراعلیٰ چاہیے آپ نے اپنی محنت سے لاہور سمیت پنجاب کو ایک ترقی یافتہ صوبہ بنایا ہے،وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو پنجاب میں شفافیت اور تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ہمارا طرہ امتیاز ہی:شہبازشریف ہم نے مل کرملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، چاروں صوبوں کی ترقی سے ہی پاکستان خوشحال ہوگا:وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 23 جنوری 2018 21:55

وزیراعلیٰ پنجاب سے سینیٹر الیاس بلور کی سربراہی میں صنعتکاروں کے وفدکی ملاقات ، عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات پر شہبازشریف کو خراج تحسین
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں سینیٹر الیاس بلور کی سربراہی میں صنعتکاروں کے نمائندہ وفدنے ملاقات کی جس میں صنعتی برادری کے مسائل کے حل اور شعبہ صنعت کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ صنعتکاروں کے وفد کی جانب سے صوبہ پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بے مثال اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

وفد کے ارکان نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں شاندار کام ہوا ہے اور اب تو پشاور کے لوگ بھی کہتے ہیں کہ ہمیں شہبازشریف جیسا وزیراعلیٰ چاہیئے۔ آپ نے اپنی محنت سے لاہور سمیت پنجاب کو ایک ترقی یافتہ صوبہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور میں ساڑھے چار برس بعد میٹرو بس کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور اگر یہ لوگ دھرنے نہ دیتے اور عوام کی خدمت کرتے تو کے پی کے بھی پنجاب کی طرح ترقی کرتا۔

وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پشاور کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے غضنفر بلور کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی میں صنعتی ترقی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ صنعت کا پہیہ چلے گا تو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے وفاق سے بات چیت کروں گا اور برآمدات کے فروغ کے حوالے سے بھی صنعتی برادری کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں شفافیت اور تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ہمارا طرہ امتیاز ہے اور میں عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔ میں نے ساڑھے چار برس کے دوران صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور میری خواہش ہے کہ پنجاب کی طرح دیگر صوبے بھی تیز رفتاری سے ترقی کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے اور ہم نے مل کر اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے مل کر ترقی کرنے سے ہی پاکستان خوشحال ہوگا۔ وفد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر غضنفر بلور، سابق صدر ایس ایم منیر، کے پی سی سی آئی کے سابق صدور حاجی محمد افضل، ریاض ارشد، ملک نیاز اور کے پی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر خان گل شامل تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں