احد خان چیمہ کی رہائی کیلئے بیورو کریسی کچھ افسران نے احتجاجاًاپنے دفاتر کو تالے لگا دیئے ،اجلاس منعقد کر کے قرارداد منظور کی گئی

احد چیمہ کی رہائی تک سیکرٹریز، کمشنر ،ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر انتظامی افسران ایگزیکٹو اتھارٹی استعمال نہیں کرینگے‘اجلاس میں فیصلہ کچھ سرکاری افسران کا بالواسطہ طور پر نیب سے رابطہ ،ایماندار اور دیانتدار افسران کو ہرگز خوفزد ہ ہونیکی ضرورت نہیں ‘نجی ٹی وی

جمعہ 23 فروری 2018 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2018ء) آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے گروپ کے اعلیٰ افسران نے نیب پر دبائو بڑھانے کیلئے مختلف حربے استعمال کرنا شروع کر دئیے ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری عمر رسول اور ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر دانش افضال سمیت کچھ افسران نے احتجاجاًاپنے دفاتر کو تالے لگا دیئے جبکہ اجلاس منعقد کر کے احد خان چیمہ کے حق میں قرارداد بھی منظور کر لی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی گرفتاری کے بعد سے ان کے گروپ ڈی ایم جی کے افسران میں کھلبلی مچی ہوئی ہے ۔ افسران کی جانب سے سرکاری امور سر انجام دینے کی بجائے اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں جس میں احد خان چیمہ کی رہائی کیلئے اقدامات کو زیر بحث لایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری عمر رسول اور ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر دانش افضال سمیت دیگر کچھ افسران نے اپنے دفاتر کو احتجاجاًتالے لگا دیئے اوران افسران کاکہناہے کہ احدخان چیمہ کی رہائی تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ افسران کی جانب سے کام نہیں کیا جارہا البتہ ان کا سٹاف معمول کے مطابق ڈیوٹی پر موجود رہ کر اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایم جی افسران نے سول سیکرٹریٹ میں ہڑتال کی کوشش کی لیکن صوبائی کیڈر کے افسرا ن اور ملازمین کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے کی وجہ سے یہ حربہ کامیاب نہیں ہو سکا ۔علاوہ ازیں ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس میں احد خان چیمہ کے حق میں ایک قرارداد پاس کی گئی ۔

یہ قرارداد ایڈیشنل چیف سیکرٹری عمر رسول کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔قرارداد میں احد خان چیمہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد میں پنجاب کابینہ سے بھیکردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔اجلاس میں یہ بھی منظور کیا گیا ہے کہ احد چیمہ کی رہائی تک سیکرٹریز، کمشنر ،ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر انتظامی افسران ایگزیکٹو اتھارٹی استعمال نہیں کریں گے ۔

واضح رہے کہ نیب نے آشیانہ سکیم میں مبینہ کرپشن پر سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بدھ کے روز گرفتار کیا تھا اورانہیںاحتساب عدالت پیش کر کے 11 روزہ جوڈیشل ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں ایک نجی ٹی وی کے مطابق کچھ سرکاری افسران نے بالواسطہ طور پر نیب سے رابطہ کیا ہے ۔ جس کے جواب میں نیب نے کہا ہے کہ ایماندار اور دیانتدار افسران کو ہرگز خوفزد ہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ ترجمان کے مطابق ہیڈ کوارٹر کی سکیورٹی کے لئے پہلے سے ہی رینجرز تعینات ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں