سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کرنیوالی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے ‘ پی ٹی آئی ( انصاف گروپ ) کا چیف جسٹس سے مطالبہ

سینٹ الیکشن میں ارکان اسمبلی اس طرح بکے جس طرح قربانی پر بھیڑ بکریوں کا ریٹ لگتا ہے، بکنے والوں کو عمر قید ہونی چاہیے ‘ سربراہ فاروق ملک

منگل 20 مارچ 2018 13:33

سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کرنیوالی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے ‘ پی ٹی آئی ( انصاف گروپ ) کا چیف جسٹس سے مطالبہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف(انصاف گروپ ) کے سربراہ فاروق ملک نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ایک کھلے خط کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالیہ سینیٹ الیکشن کا نوٹس لیں جس میں اربوں روپے کی ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے اور وہ پاکستان میں سینٹ کے الیکشن میں کرپشن کرنے والی سیاسی جماعتوں پر پابندی لگا دیں ،ایسا کرنے پر چیف جسٹس ثاقب نثار کا نام پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا سیل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق فاروق ملک نے کہا کہ چیف جسٹس آف نے پاکستان میں کرپشن کے خلاف ایک بیڑہ اٹھا رکھا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ ایک بڑا کام کرتے جائیں ۔پاکستان کی آنے والی نسلیں چیف جسٹس کو دعائیں دیں گی ،سینٹ الیکشن میں ارکان اسمبلی اس طرح بکے جس طرح قربانی پر بھیڑ بکریوں کا ریٹ لگتا ہے قوم کے نوجوان جاننا چاہتے ہیں کہ کون کون سی پارٹیوں نے ارکان اسمبلی کو خریدا اور جن ارکان اسمبلی نے کرپشن میں پیسے وصول کئے انہیں عمر قید کی سزا دینی چاہیے اور جن لوگوں نے کرپشن پر راضی کیا ان لوگوں کو بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ کرگزریں ان کا پاکستانی قوم پر یہ احسان ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں