جسٹس اعجاز الاحسن کے گھرپر فائرنگ کی شدید مذمت ،چندگھنٹوں میں فائرنگ کے دوواقعات سکیورٹی اداروں کی مجرمانہ غفلت ہے‘میاں مقصود احمد

حکومت سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی پرماہانہ کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے،عوام کاکوئی پرسان حال نہیں،صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب وامیرجماعت اسلامی پنجاب

پیر 16 اپریل 2018 18:41

جسٹس اعجاز الاحسن کے گھرپر فائرنگ کی شدید مذمت ،چندگھنٹوں میں فائرنگ کے دوواقعات سکیورٹی اداروں کی مجرمانہ غفلت ہے‘میاں مقصود احمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدراورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعات کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ چند گھنٹوں میں فائرنگ کے دوواقعات کاہوناسیکیورٹی اداروں کی مجرمانہ غفلت ہے،پہلے واقعہ کے بعد حکومت،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں نے نوٹس کیوں نہ لیا ،فائرنگ کے واقعات میں ملوث افراد کوفی الفور گرفتار کیاجائے اور پولیس سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کی جانب سے مجرمانہ غفلت کاارتکاب کرنے والے افراد کے خلاف بھی سخت ایکشن لیاجانا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ ججزکودھمکانے کی کوششیں تشویش ناک ہیں۔حکومت اگر سپریم کورٹ کے معزز ججوں کوتحفظ فراہم نہیں کرسکتی تو22کروڑ عوام کوکیاخاک تحفظ فراہم کرے گی ۔

(جاری ہے)

پنجاب سمیت پورے ملک میں لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے۔آئین وقانون کی بالادستی کے لیے ضروری ہے کہ اس افسوس ناک واقعہ کی اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کرواکر ملزمان کو قرارواقعی سزادی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران خودتو سینکڑوں سیکیورٹی گاڑیوں کے حصار میں گھومتے ہیں اور عوام کواللہ کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔جسٹس اعجازالاحسن کاگھر وزیر اعلیٰ پنجاب کے گھرکے قریب ہونے کے باوجود اس قسم کے واقعہ کارونماہوناانتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر بڑاسوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے حسب روایت اس معاملے کو بھی سرد خانے میں ڈالنے کی کوششیں ہوں گی۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ جسٹس اعجازالاحسن کے گھرپرحملہ کرنے والوں کوگرفتار کرکے کٹہرے میں لایاجائے۔قومی اداروں کے تحفظ کویقینی بناناہوگا۔ملک وقوم پہلے ہی ان گنت مسائل کا شکار ہیں۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملکی حالات کوانتشار اور افراتفری کی جانب لے کر جایاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ جس ملک میں سابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی پرسرکاری خزانے سے ماہانہ کروڑوں روپے خرچ کردیئے جاتے ہیں وہاں غریب عوام کاکوئی پرسان حال نہیں ہے۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزاور پنجاب میں حکومت ہے۔جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر فائرنگ حکمران جماعت کی نااہلی اور ناکامی کامنہ بولتاثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں