الیکشن کمیشن نے پولنگ آفیسرز اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز کی ٹریننگ کا آغاز ،

پنجاب میں اساتذہ کی ٹریننگ بھی شروع ٹریننگ 23اپریل سے شروع ہوکر 12مئی 2018 تک چاروں صوبوں بشمول فاٹا اور اسلام آباد میں ہوگی،7لاکھ پولنگ عملے کو تربیت دی جائیگی

پیر 23 اپریل 2018 21:21

الیکشن کمیشن نے پولنگ آفیسرز اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز کی ٹریننگ کا آغاز ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) الیکشن کمیشن نے پولنگ آفیسرز اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز کی ٹریننگ کا آغاز کر دیا،ٹریننگ 23اپریل سے شروع ہوکر 12مئی 2018 تک کی جائے گی جبکہ پنجاب بھر میں اساتذہ کی تربیت شروع کرادی گئی۔ذرائع کے مطابق ٹریننگ چاروں صوبوں بشمول فاٹا اور اسلام آباد میں ہوگی۔ ٹریننگ میں 7 لاکھ پولنگ عملے کو تربیت دی جائے گی ۔

آخری مرحلے میں ایک لاکھ 78ہزار پریزائیڈنگ اور سینئر اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسرز کی تربیت ہوگی۔ پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز کی تربیت 25 جون 2018 سے 15جولائی 2018 تک ہوگی۔ ریٹرننگ آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کی تربیت کا آغاز مئی 2018 کے دوسرے ہفتے سے متوقع ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 کے عام انتخابات کے لئے اس مرحلہ وار تربیت کی شروعات 5 مارچ 2018 سے کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جس کے پہلے مرحلے میں 84 لیڈٹرینرز کو چاروں صوبوں میں صوبائی سطح پر تربیت دی گئی۔ جنہوں نے دوسرے مرحلے میں ملک بھر سے منتخب شدہ 3000 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت فراہم کی۔دوسری جانب الیکشن ڈیوٹیوں کے لیے پنجاب بھر میں اساتذہ کی تربیت شروع کرادی گئی، ڈسٹرکٹ لاہورکے 5 سو سے زائد اساتذہ الیکشن میں ڈیوٹیاں دینگے۔ عام انتخابات کیلئے تیاریاں ابھی سے شروع کرادی گئی ہیں۔ سب سے پہلے الیکشن میں ڈیوٹیوں کے لیے لاہور کے مختلف سکولوں میں اساتذہ کی تربیت شروع کرادی گئی ہے۔ تربیت کے لیے مختلف سکولوں میں سینٹرز بنائے گئے ہیں۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے ماسٹرٹرینرزکوبھی ٹریننگ دی جاچکی ہے۔ ماسٹر ٹرینرز اب اساتذہ کو روزانہ تین گھنٹے تک تربیت دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں