اداروں میں شفافیت اور میرٹ کا بول بالا کر کے گڈگورننس کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں ‘ملک رفیق رجوانہ

حکومت کی تمام تر پالیسیوں کا محور صرف اور صرف عوام ہیں ،پالیسیوں کوکامیاب بنانے کے لیے سب سے زیادہ ذمہ داری سول افسران پر عائد ہوتی ہے جو عام آدمی کو ریلیف فراہم کر کے گڈگورننس کے حکومتی اہداف کو پوراکر سکتے ہیں ‘گورنر پنجاب

منگل 24 اپریل 2018 18:16

اداروں میں شفافیت اور میرٹ کا بول بالا کر کے گڈگورننس کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں ‘ملک رفیق رجوانہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ حکومت کی تمام تر پالیسیوں کا محور صرف اور صرف عوام ہیں اور پالیسیوں کوکامیاب بنانے کے لیے سب سے زیادہ ذمہ داری سول افسران پر عائد ہوتی ہے جو عام آدمی کو ریلیف فراہم کر کے گڈگورننس کے حکومتی اہداف کو پوراکر سکتے ہیں ،خدمت انسانی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں بطور سول افسر آپ کو قدرت نے جس کام کے لیے چنا ہے اس ذمہ داری کو بخوبی ادا کر کے آپ حقیقی اطمینان بھی حاصل کر سکتے ہیں اور سکون بھی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کی23 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے بیس رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں میں شفافیت اور میرٹ کا بول بالا کر کے گڈگورننس کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں اور سول سرونٹس اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران صرف اور صرف میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھیں - انہو ںنے کہا کہ عوام کا اصل مسئلہ ان کے مسائل ہیں ، ان کی تکالیف کا ازالہ کر کے ہم اداروں میں کارکردگی کے حوالے سے بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں اور دین و دنیا دونوں میں سرخرو ہو سکتے ہیں-انہو ںنے کہا کہ سول افسران حکومت کی طرف سے پالیسی ساز ی کے عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور زمینی حقائق کے مطابق ایسی پالیسیاں مرتب کرنے میں حکومت کی معاونت کریں جس سے زیادہ سے زیادہ عوام کے مسائل حل ہوں ۔

گورنرپنجاب نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی اور ان کی استعداد کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہر اس اقدام کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے جس سے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی قابلیت میں اضافہ ہو۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ سول افسران کا حالیہ کورس ان کے لیے مفید ثابت ہو گا اور وہ اپنی ذمہ داریاں پہلے سے بہتر طریقے سے ادا کرتے ہوئے عوام کی خدمت کے لیے خود کو وقف کر دیں گے۔

گورنرنے کہا کہ سول افسران کے لیے اس طر ح کے کورسز سے انہیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنیکا موقع ملتا ہے ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے سول افسران کے سوالات کے جواب بھی دیے۔جنوبی پنجاب کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ2013 ء کے مقابلے میں2018 کا جنوبی پنجاب بہت بہترہے جہاں تعلیم ، صحت اور انفراسٹرکچر پر بھرپور توجہ دی گئی ہے ۔

انہو ںنے کہا کہ حکومت گڈگورننس کو یقینی بنانے کے لیے ہر وہ اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہے جس سے عام آدمی کا معیار زندگی بہتر ہو ۔انہو ںنے کہا کہ آج جنوبی پنجاب کے ہر شہر میں نئے تعلیمی ادارے قائم کیے گئے ہیں تاکہ وہاں کے طلباء کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں ۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ نے گورنر پنجاب کو23 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔

دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے معروف مذہبی رہنما و سربراہ مجلس اصرار اسلام سید عطا اللہ شاہ بخاری کے بیٹے سید عطاء المومن شاہ بخاری کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے ۔۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں