سابق وزیر اعظم نواز شریف طلبی کے دوسرے نوٹس پر بھی نیب میں پیش نہ ہوئے

نواز شریف کی ممکنہ پیشی کے تناظر میںسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ،ڈی جی اور دیگر افسران انتظار کرتے رہے

اتوار 20 مئی 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف رائیونڈ سے جاتی امرا ء تک سڑک کی مبینہ غیر قانونی تعمیر کے کیس میں نیب کی جانب سے طلبی کے دوسرے نوٹس پر بھی پیش نہ ہوئے ۔نیب نے سابق وزیراعظم کو اتوار کے روز گیارہ بجے طلب کر رکھا تھا جس کیلئے ڈی جی نیب اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے افسران نیب لاہور کے دفتر میں موجود رہے ۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی ممکنہ پیشی کے تناظر میں نیب آفس کے اندر اور باہر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ نیب کے افسران سرکاری وقت تک سابق وزیر اعظم نواز شریف کا انتظار کرتے رہے لیکن وہ پیش نہ ہوئے جس کے بعد افسران واپس روانہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے فی الوقت آئندہ کے لائحہ عمل بارے کوئی چیز سامنے نہیں آسکی ۔

(جاری ہے)

نیب نے اس سے قبل 21 اپریل کو نواز شریف کو طلب کیا تھا تاہم لندن میں اہلیہ کی عیادت کی وجہ سے وہ پیش نہ ہوسکے تھے۔انہیں 20مئی کو دوبارہ طلبی کا نوٹس دیتے ہوئے جاتی امرا میں طلبی کے سمن کی تعمیل بھی کرائی گئی تھی۔نیب کے مطابق نواز شریف نے 1998 میں بطور وزیراعظم اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امرا تک سڑک تعمیر کروائی اور ان کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت میں مزید اضافہ ہوا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں