وزیر اعلی پنجاب کا رمضان پیکج پورے صوبے میںکامیابی سے چل رہا ہے ‘عاصم رضا

دیگرصوبوں کو آٹے کی ترسیل روکنا انکے عوام کی حق تلفی ہے جس سے پنجاب بارے نفرت بڑھنے کا خدشہ ہے‘اجلاس سے خطاب

اتوار 20 مئی 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما عاصم رضانے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کا رمضان پیکج کامیابی سے پورے صوبے میں چل رہا ہے ، تاہم دیگر صوبوں کو آٹے کی ترسیل روکنا انکے عوام کی حق تلفی ہے اور آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے جس سے دیگر صوبوں میں پنجاب بارے نفرت بڑھنے کا خدشہ ہے ،لہذا دیگر صوبوںکیلئے آٹے کی ترسیل کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز فلور ملز ایسوسی ایشن کے دفتر میں ہونیوالے اہم اجلاس کے دوران کہی۔ عاصم رضا نے کہاکہ رمضان پیکج پورے صوبے میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور گرین تھیلا مارکیٹ میں وافر تعداد موجود ہے تاہم فلور ملز مالکان کیلئے رمضان کے مہینے میں دیگر صوبوں کو ترسیل اور لوکل گرائنڈنگ بھی بند کر دی گئی ہے، جو دیگر صوبوں کے ساتھ سراسر زیادتی کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوکل گرائنڈنگ چاہیے ہفتہ دس دن بعد کھول دیں تاہم دیگر صوبوں کو رمضان المبارک کے مہینے میںآٹے کی ترسیل کے عمل کو نہ روکا جائے اور دیگر صوبوں کی حق تلفی نہ کی جائے ،پنجاب گندم پیدا کرنے والاسب سے بڑا صوبہ ہے جو دیگر صوبوں کو سارا سال باقاعدگی کے ساتھ مال فراہم کرتا ہے، لہذا ہمارا وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ ہے دیگر صوبوں میں آٹے کی ترسیل کو فوری طور پر بحال کیا جائے جبکہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پہلے ہی چیف سیکرٹری ، سیکرٹری فوڈ اورڈائریکٹر فوڈ کو دیگر صوبوں میں آٹے کی ترسیل کی بحالی کیلئے لکھ چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ترجیحی بنیادوںپر فلور ملز مالکان کو دیگر صوبوں کوآٹے کی سپلائی شروع کرنے کی اجازت دے ۔اگر ایسا نہ ہوا تو رمضان کے مبارک مہینے میں دیگر صوبوں کے عوام کے دلوں میں پنجاب کیلئے نفرت بڑھے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں