ْنگران وزیراعظم کی تقرری میں تاخیر ،اسپیکر قومی اسمبلی کی مایوسی تشویشناک ہے ‘لیاقت بلوچ

امریکی ریاست ٹیکساس میں پاکستان کی ذہین بیٹی سبیکا شیخ کا وحشیانہ قتل امریکہ کے لیے بڑی بدنامی ہے ‘تقریب سے خطاب

اتوار 20 مئی 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ نگران وزیراعظم کی تقرری میں تاخیر اور اسپیکر قومی اسمبلی کی مایوسی تشویشناک ہے ، پوری قوم توقع رکھتی ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اپنا دستور ی اختیار استعمال کرنے میں کامیاب رہیں گے وگرنہ ناکامی جمہوری عمل کے لیے خطرناک ہوگی ،متحدہ مجلس عمل کا قومی انتخابات میں کلیدی کردار ہوگا ، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے خوش آئند ہیں ۔

ایم ایم اے پنجاب کی قیادت کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام اور آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کے انتظامی مالی اختیارات کا فیصلہ بھی اہم ہے ۔ کاش تمام فیصلے جمہوری حکومت اور پارلیمنٹ خود کرلیتی ۔

(جاری ہے)

سیاست پر ریاست جمہوری قوتوں کی نااہلی کی وجہ سے حاوی ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم مودی کی آمد پر پہیہ جام ہڑتال اور کشمیریوں کا مکمل بائیکاٹ اس بات کا اعلان ہے کہ کشمیری کسی صورت میں بھارتی غلامی قبول نہیں کرسکتے ۔

حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ امریکی ریاست ٹیکساس میں پاکستان کی ذہین بیٹی سبیکا شیخ کا وحشیانہ قتل امریکہ کے لیے بڑی بدنامی ہے ۔ ہم شہیدہ کے خاندان سے تعزیت کرتے ہیں ۔ امریکی صدر ٹرمپ کا انتہا پسندانہ وجذباتی رویہ اور پالیسی خود امریکہ میں انتہا پسندی اور عدم برداشت کا باعث بن رہاہے ۔ امریکی عوام کو اپنی قیادت پر شرمساری تو ہورہی ہوگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں