دنیا میں ایک بہت بڑا انقلاب کروٹ لے رہاہے ،اسلامی انقلاب کے علاوہ دوسرا کوئی انقلاب نہیں ‘راشد نسیم

فلسطین و کشمیر میں آزادی کی تحریکیں کامیاب ہوں گی کیونکہ یہ حق پر ہیں اور بالآخر حق ہی غالب ہوتاہے‘ تقریب سے خطاب

اتوار 20 مئی 2018 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ دنیا میں ایک بہت بڑا انقلاب کروٹ لے رہاہے اور یہ اسلامی انقلاب کے علاوہ دوسرا کوئی انقلاب نہیں کیونکہ باقی سب انقلاب خواہ وہ سوشلزم ہو ، کیمونزم ہو یا مغربی طرز جمہوریت ، سب اپنی موت مر چکے ہیں اور ان میں سے کوئی بھی بڑھتے ہوئے ظلم اور بے امنی کو ختم کر سکا نہ انسانیت کو قلبی سکون دینے میں کامیاب ہوا ، ساری دنیا میں قرآن کا پیغام عام ہورہاہے ،فلسطین و کشمیر میں آزادی کی تحریکیں کامیاب ہوں گی کیونکہ یہ حق پر ہیں اور بالآخر حق ہی غالب ہوتاہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے یونین کونسل 222 جوہر ٹائون لاہور میں اپنے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

راشد نسیم نے کہاکہ دنیا اس وقت امن کی متلاشی ہے اور انسانیت کو امن و ترقی دینے کے بلند و بانگ دعوے کرنے والے تمام نظام بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ۔ اسلام کے خلاف تمام تر سازشوں کے باوجود اسلام کے قدم آگے بڑھ رہے ہیں اور دنیا بھر میں اسلام قبول کرنے والوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہاہے ۔

نوجوان بچے بچیاں قرآن کو سینے سے لگارہے ہیں اور دنیا بھر میں حفاظ کرام کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے دنیا میں حفاظ کی تعداد ساڑھے نو کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ اسلامی انقلاب کے بڑھتے ہوئے قدموں کو اب کوئی روک نہیں سکتا ۔ انہوںنے کہاکہ ہوسکتاہے آنے والے ایک دوعشرے ہی غلبہ اسلام کی تاریخ رقم کرنے والے ہوں ۔راشدنسیم نے کہاکہ دنیا میں کرپشن ، بددیانتی اور ظلم و جبر میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔

امریکہ سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں کرپٹ ترین لوگ اقتدار پر قابض ہیں ۔ عوام ان قابضین سے نجات چاہتے ہیں اور ہر جگہ حکمرانوں کے خلاف عوام بغاوت پر اتر آئے ہیں اس لیے اب یہ ظلم و جبر کرپشن اور بددیانتی کا نظام زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں بھی اسلامی تحریکوں کے قدم مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں اور سیکولر و لبرل جماعتیں عوام کے اندر اپنا اعتماد کھو رہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی قوم کے لیے قدرت کا بہت بڑا انعام ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں