صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور کا فیصل آباد میں قائم رمضان بازاروں کا دورہ

اتوار 20 مئی 2018 20:10

لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب لوگوں کوزیادہ سے زیادہ معاشی ریلیف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور ماہ صیام میں صارفین کو ارزاں نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ سستے رمضان بازار بھی کامیابی سے جاری ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے فیصل آباد شہر کے مختلف علاقوں میں رمضان بازاروں کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزیر اقلیتی امورسمندری روڑپر سمن آباد اور دیگر علاقوں کے رمضان بازاروں میں گئے اور مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے پھلوں،سبزیوں اور کریانہ کی اشیاء کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کاجائزہ لیا۔

(جاری ہے)

وہ حکومت پنجاب کی طرف سے سبسڈی کے تحت فروخت کئے جانے والے سستے آٹے اور سستی چینی کے کائونٹرز پر بھی گئے اور فروخت کے عمل کا معائنہ کیا۔

انہوں نے چینی کے پیکٹ اور آٹے کے تھیلے کا وزن بھی چیک کیا اور ہدایت کی کہ سبسڈی پر سستے داموں فروخت کی جانے والی اشیاء کے ریکارڈ کو منظم اور فروخت کے تمام عمل کو شفاف رکھا جائے۔انہوں نے دالوں،مصالحہ جات،گوشت اور پولٹری کے سٹالز بھی چیک کئے اور خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے رمضان بازاروں کی افادیت کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کا بھرپور اعتماد ہی رمضان بازاروں کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ اربوںروپے سے زائد مالیت کے رمضان پیکج پر عملدرآمد کرکے اس کے ثمرات عام صارفین تک پہنچائے جارہے ہیں اور تمام تر حکومتی وانتظامی مشینری رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ میں مصروف ہے تاکہ ان کے انعقاد کے حقیقی مقاصد کما حقہ حاصل کئے جاسکیں۔انہوں نے رمضان بازاروں کے انتظامات پر اپنے اطمینان کااظہارکیا اور کہا کہ بہترین انتظامات ہمہ وقت برقرار رکھے جائیں۔

انہوں نے رمضان بازار کی انتظامیہ سے کہا کہ صارفین کی معمولی سی شکایت کا فوری ازالہ ہونا چاہیے۔اس موقع پرصوبائی وزیر کو بتایا گیاکہ ضلع بھر میں 19سستے رمضان بازاروں کا انعقاد کیاگیا ہے جن میں پھلوں،سبزیوں،دالوں اور کچن کی دیگر اشیاء کی سپلائی کے لئے جامع میکنیزم پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔اسی طرح ایگریکلچر فیئرپرائس شاپ بھی ان بازاروں کا حصہ ہیں جن پر فروخت ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں