آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل میں گرفتار احمد چیمہ اور شاہد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

منگل 19 جون 2018 13:47

آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل میں گرفتار احمد چیمہ اور شاہد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی احمد چیمہ اور نجی کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کو 4 جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔لاہور میں احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی، ایل ڈی اے کے سابق ڈی جی احد چیمہ اور بسم اللہ کنسٹرکشن کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ احمد چیمہ کو 21 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا اور ملزم شاہد شفیق کو پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی انکوائری میں تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا، ملزم شاہد شفیق کی ملکیت بسم اللہ انجینئرنگ سروسز اور پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی ہے۔

(جاری ہے)

نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 20جنوری 2015ے کو معاہدہ کیا،16 ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کے لیے 61 کروڑ روپے جمع کرائے لیکن 3 سال گزرنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔

احد چیمہ نے بطور ڈی جی ایل ڈی اے 14 ارب روپے کے منصوبے کا ٹھیکہ لاہور کاسا کمپنی کو دیا، کاسا اور بسم اللہ انجینئرنگ سروسز، اسپارکو اور چائنا گروپ کا جوائنٹ وینچر ہے، کمپنیوں کو 15 کروڑ روپے سے زائد رقم کا معاہدہ دیا جانا غیر قانونی ہے، کمپنیوں کی نااہلی سے حکومت کو 64 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، بسم اللہ انجینئرنگ سروسز، پیراگون سٹی کی ملکیت ہے۔احتساب عدالت نے نیب کے دلائل سننے کے بعد احد چیمہ کو اور شاہد شفیق کو 4 جولائی تک 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں